مقصود احمد مقصود کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایسا جادو کیا بات ہی بات میں (غزل)
ایسا جادو کیا بات ہی بات میں
نیند آتی نہیں اب مجھے رات میں
کون شاعر ترے حسن کی آنچ کو
ڈھال پایا کبھی اپنے نغمات میں
بھینی بھینی وہ خوشبو ترے زلف کی
آ ہی جاتی ہے میرے خیالات میں
کوئی شاعر نہیں بس تجھے دیکھ کر
لہر اٹھنے لگی میرے جذبات میں
تو نہیں تو شفق میں بھی سرخی نہیں
پھول بھی ہو گئے زرد باغات میں
تیرے مقصودؔ کی ہے یہ حسرت فقط
دیکھ لے تجھ کو رخصت کے لمحات میں
میری سوئی ہوئی قسمت کا ستارا جاگا (غزل)
میری سوئی ہوئی قسمت کا ستارا جاگا
یا شب غم تری یادوں کا اجالا جاگا
اوڑھ کر سو گئے ہم ہجر کی لمبی چادر
جب نہ امکان ترے شام ملن کا جاگا
نیند کی گود میں سر جیسے ہی میں نے رکھا
بے قراری کا مری آنکھ میں صحرا جاگا
من کی جاگی ہوئی خواہش کو سلایا جس نے
اس کے نروان کا ایک ایک دریچا جاگا
حشر میں میرے گنہ کیا ہوئے واماندہ قدم
دست رحمت کا مرے سر پہ سہارا جاگا
کام مشکل سے بھی مشکل ہوا آسان بہت
جس گھڑی پیکر خاکی میں ارادہ جاگا
در معمول پہ سیلاب نے دستک کیا دی
آنکھ ملتے ہوئے دریا کا کنارا جاگا
شب نے آرام کا بستر ہی لگایا تھا ابھی
یک بہ یک نیند سے مقصودؔ سویرا جاگا
عصمتیں لٹتی رہیں گھر بار بھی جلتے رہے (نظم)
عصمتیں لٹتی رہیں گھر بار بھی جلتے رہے
توڑ کر ناطہ خدا سے ہاتھ ہم ملتے رہے
پیش آئے جانے کتنے جاں گسل لمحے مگر
خود بہ خود ہی وہ خدا کے فضل سے ٹلتے رہے
راہ حق سے پھیرنے کی سازشیں ہوتی رہیں
استقامت کے مگر پیکر میں ہم ڈھلتے رہے
پرورش جن کی ہوئی تھی عصبیت کی گود میں
وہ بھی سورج کی طرح چڑھتے رہے ڈھلتے رہے
خشک روٹی کا بھی اک ٹکڑا نہ تھا جن کو نصیب
جانے کتنے روگ ان کے جسم میں پلتے رہے