مقصود آفاق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کتنا با ظرف ہے وہ میرے برابر والا (غزل)
کتنا با ظرف ہے وہ میرے برابر والا
خشک آنکھوں کو دیا غم تو سمندر والا
باغبانی میں کٹی عمر تو ساری لیکن
پھول اب تک نہ کھلا اپنے مقدر والا
خواب کی وحشتیں قائم رہیں شب بھر مجھ پر
در پہ دیتا ہی رہا دستکیں باہر والا
ہجر آسیب ہے آسیب بھی ایسا صاحب
حوصلہ ہار گیا میں بھی سکندر والا
ہم منائیں گے نیا سال تری یاد کے ساتھ
زخم اس بار ہرا ہوگا دسمبر والا
قہقہوں سے تو زمانہ ہوا محروم ہیں لب
اور فسانے میں مرا رول ہے جوکر والا
توڑے جائیں گے ستم تیرے تجھی پر آفاقؔ
اک تماشہ تو ابھی اور ہے محشر والا
مجھ میں تنہائی مری اور میں تنہائی میں (غزل)
مجھ میں تنہائی مری اور میں تنہائی میں
اجنبی ہو گئے سب دشت شناسائی میں
اپنے اندر ہی رعونت کی فضا ہے شاید
لوگ اترتے ہی نہیں روح کی گہرائی میں
کھل گیا اب کہ ہے آداب محبت بڑی چیز
ہم جو معروف ہوئے جلوۂ رسوائی میں
یہ تو طے ہے کہ مجھے تجھ سے جدا ہونا ہے
مثل آنسو ہوں تری چشم تمنائی میں
آپ تو حشر اٹھانے کے لیے کہتے تھے
آنکھ تک اٹھ نہ سکی عالم رسوائی میں
عمر کاٹی ہے اسی ایک طلب میں آفاقؔ
اک نظر دیکھ لے مجھ کو کوئی تنہائی میں