پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مقبول نقش کی غزلیں — Maqbool Naqsh Ghazals

مقبول نقش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اتفاقاً جو کہیں اب وہ نظر آتے ہیں (غزل)

اتفاقاً جو کہیں اب وہ نظر آتے ہیں

کتنی یادوں کے حسیں نقش ابھر آتے ہیں

کیسے گزری شب آشفتہ سراں کس کو خبر

لوگ تو بام پہ ہنگام سحر آتے ہیں

سوچ لیں آپ مرا ساتھ کہاں تک دیں گے

مرحلے سیکڑوں دوران سفر آتے ہیں

یوں غلط تو نہیں چہروں کا تأثر بھی مگر

لوگ ویسے بھی نہیں جیسے نظر آتے ہیں

ان سے جب ترک تعلق کا خیال آتا ہے

رابطے کتنے تصور میں ابھر آتے ہیں

اتنا مجبور آدمی کیوں ہے (غزل)

اتنا مجبور آدمی کیوں ہے

اور اگر ہے تو آگہی کیوں ہے

ہر نفس نعرۂ خودی کیوں ہے

اتنا احساس کمتری کیوں ہے

تیرگی عجز صاحبان نظر

روشنی تک ہی روشنی کیوں ہے

آج ہی تو کسی سے بچھڑے ہیں

آج کی رات چاندنی کیوں ہے

لوگ کیا جانے کیا سمجھ بیٹھیں

نقشؔ سے اتنی بے رخی کیوں ہے

مزید غزلیں از مقبول نقش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں