پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منظور الحق ناظر کی غزلیں — Manzoor Ul Haq Nazir Ghazals

منظور الحق ناظر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جب مرے شہر محبت میں وہ آ جائے گا (غزل)

جب مرے شہر محبت میں وہ آ جائے گا

دل میں جذبوں کی نئی جوت جگا جائے گا

اپنے اللہ پہ ہر لمحہ بھروسہ رکھو

غم کا طوفان بہر حال چلا جائے گا

جس نے پیغام محبت کا دیا دنیا کو

سارے عالم کا وہ محبوب کہا جائے گا

ہر غلط بات کی تشہیر نہ ہو پائے گی

سچ بہر حال سر عام کہا جائے گا

چند لمحوں کی ملاقات کا منظر مت پوچھ

کیا خبر تھی وہ مرے دل میں سما جائے گا

ہوش اڑ جائے گا بڑھ جائے گی دل کی دھڑکن

یک بہ یک جب وہ ترے سامنے آ جائے گا

تیرگیٔ غم دوراں سے نہ گھبرا ناظرؔ

یہ اندھیرا بھی بہت جلد چلا جائے گا

ہر جگہ تیری وکالت بھی کہاں تک کرتے (غزل)

ہر جگہ تیری وکالت بھی کہاں تک کرتے

سب سے لڑنے کی جسارت بھی کہاں تک کرتے

اک تجلی نے اڑا ڈالے سبھی ہوش و حواس

طور کی آپ زیارت بھی کہاں تک کرتے

نفرتیں بو کے محبت کا ثمر ڈھونڈتے ہیں

اس طرح الٹی زراعت بھی کہاں تک کرتے

شدت کرب سے آنکھوں میں نہ ٹھہرے آنسو

ہم ترے غم کی حفاظت بھی کہاں تک کرتے

اپنے بگڑے ہوئے حالات سے جو لڑتے ہیں

مجھ پہ وہ چشم عنایت بھی کہاں تک کرتے

اب وہ موسم نہ رہا عشق و محبت کا صنم

ہم ترے ساتھ شرارت بھی کہاں تک کرتے

اس قدر لوگ مسائل میں گھرے ہیں ناظرؔ

ہم کو آسودۂ راحت بھی کہاں تک کرتے

مزید غزلیں از منظور الحق ناظر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں