پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مقبول عامر کی غزلیں — Maqbool Aamir Ghazals

مقبول عامر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہی چنار یہی جھیل کا کنارا تھا (غزل)

یہی چنار یہی جھیل کا کنارا تھا

یہیں کسی نے مرے ساتھ دن گزارا تھا

نظر میں نقش ہے صبح سفر کی ویرانی

بس ایک میں تھا اور اک صبح کا ستارا تھا

مرے خلاف گواہی میں پیش پیش رہا

وہ شخص جس نے مجھے جرم پر ابھارا تھا

خراج دیتا چلا آ رہا ہوں آج تلک

میں ایک روز زمانے سے جنگ ہارا تھا

مجھے خود اپنی نہیں اس کی فکر لاحق ہے

بچھڑنے والا بھی مجھ سا ہی بے سہارا تھا

زمیں کے کام اگر میری دسترس میں نہیں

تو پھر زمیں پہ مجھے کس لیے اتارا تھا

میں جل کے راکھ ہوا جس الاؤ میں عامرؔ

وہ ابتدا میں سلگتا ہوا شرارہ تھا

میری تعریف کرے یا مجھے بدنام کرے (غزل)

میری تعریف کرے یا مجھے بدنام کرے

جس نے جو بات بھی کرنی ہے سر عام کرے

زخم پر وقت کا مرہم تو لگا دیتی ہے

اور کیا اس کے سوا گردش ایام کرے

محتسب سے میں اکیلا ہی نمٹ سکتا ہوں

جس نے جو جرم کیا ہے وہ مرے نام کرے

وہ مری سوچ سے خائف ہے تو اس سے کہنا

مجھ میں اڑتے ہوئے طائر کو تہہ دام کرے

کون آئے گا پئے پرسش احوال یہاں

کس کی خاطر کوئی تزئین در و بام کرے

مجھ کو بھی ہو مری اوقات کا کچھ اندازہ

کوئی تو صورت یوسف مجھے نیلام کرے

مزید غزلیں از مقبول عامر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں