منظور ندیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
درد کے کھیت میں مسکان اگانے والا (غزل)
درد کے کھیت میں مسکان اگانے والا
کتنا خوش ظرف ہے زخموں کو چھپانے والا
دل میں اخلاص وفاؤں کی ہے گٹھری سر پر
آدمی ہے یہ کسی اور زمانے والا
یاد آتا رہا تا دیر سفر میں مجھ کو
ہاتھ رہ رہ کے دریچے سے ہلانے والا
آگ کچھ اور گھروں کو بھی جلا ڈالے گی
سوچتا کاش مرے گھر کو جلانے والا
لوگ چہروں کو چھپاتے ہوئے پھرتے ہیں ندیمؔ
شہر میں آیا ہے آئینہ دکھانے والا
دھوپ سے گردش حالات کی گھبرا جائے (غزل)
دھوپ سے گردش حالات کی گھبرا جائے
دل کوئی پھول نہیں ہے کہ جو مرجھا جائے
ہائے رے ضبط محبت کی یہ ثابت قدمی
ہم سے کاغذ پہ بھی وہ نام نہ لکھا جائے
ایک پتھر کی بھی تقدیر سنور سکتی ہے
شرط یہ ہے کہ سلیقے سے تراشا جائے
کس طرح ہوتی ہے تہذیب کی دیوی عریاں
شیش محلوں میں کبھی جھانک کے دیکھا جائے
عقل کہتی ہے کہ چل دشت تمنا سے پرے
دل کو ضد ہے کہ اسی دشت میں بھٹکا جائے
مزید غزلیں از منظور ندیم ←1 غزلیں منسلک