پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منظر اعجاز کی غزلیں — Manzar Eijaz Ghazals

منظر اعجاز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یقیں کا رنگ بھی ہے وہم کا غبار بھی ہے (غزل)

یقیں کا رنگ بھی ہے وہم کا غبار بھی ہے

فریب حسن نظر دشت اعتبار بھی ہے

خزاں کا رنگ بھی ہے معتبر چمن کے لئے

یہ حسن گل ہے جو منت کش بہار بھی ہے

اسیر وہم و گماں ہے نہ جانے کب سے نگاہ

اگرچہ پیش نظر حرف اعتبار بھی ہے

یہ میں نے مانا سکوں موت کی علامت ہے

مگر سکوں کے لئے دل ہی بے قرار بھی ہے

رکی رکی سی اگرچہ ہے کائنات کی نبض

بکھرتے ٹوٹتے لمحوں کا انتشار بھی ہے

عجیب طرفہ تماشہ ہے اس کو کیا کہئے

کہ دل فگار بھی منظرؔ وفا شعار بھی ہے

فسون رنگ تجلئ خواب زار نہ دے (غزل)

فسون رنگ تجلئ خواب زار نہ دے

نگاہ دے بھی تو منت کش سہار نہ دے

کچھ اور ذوق تجسس کو مرتعش کر دے

سکوں نظر کو نہ دے قلب کو قرار نہ دے

توہمات کے صحرا سے پھر گزار مجھے

یقیں کا سوز نہ دے حرف اعتبار نہ دے

نہ دے وہ زور کے ایمان ظلم پر رکھوں

شعار جبر کو سمجھوں وہ اختیار نہ دے

میں قرض خوار اگر ہوں تو پھر تقاضہ نہ کر

تو سود خوار ہے تو زندگی ادھار نہ دے

چھپا چھپا کے نہ رکھ حرف حرف میں خود کو

جنوں شعار نظر پیرہن اتار نہ دے

مزید غزلیں از منظر اعجاز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں