پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منظر ہاشمی کی غزلیں — Manzar Hashmi Ghazals

منظر ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حقیقت جانتا کوئی نہیں ہے (غزل)

حقیقت جانتا کوئی نہیں ہے

بھلے سب ہیں برا کوئی نہیں ہے

سب اپنی اپنی بولی بولتے ہیں

کسی کا ہم نوا کوئی نہیں ہے

جسے پانے کی سب کو ہے تمنا

اسی کو ڈھونڈھتا کوئی نہیں ہے

خموشی پر مری سب لب کشا تھے

مگر اب بولتا کوئی نہیں ہے

تری دانست میں اعمال تیرے

جہاں میں دیکھتا کوئی نہیں ہے

بہاریں گشت کرتی ہیں چمن میں

مگر پتا ہرا کوئی نہیں ہے

تری الفت کی چاہت ہے سبھی کو

مگر مجھ پر فدا کوئی نہیں ہے

خرد کی انتہا میں چاہتا ہوں

جنوں کی انتہا کوئی نہیں ہے

کھلا کھلا ہوا چہرہ ترا چمن کی طرح (غزل)

کھلا کھلا ہوا چہرہ ترا چمن کی طرح

وہ جسم ہے کہ لگے جسم سیم تن کی طرح

نہ جانے کتنے حسیں ہیں مری نگاہوں میں

کوئی بدن نہیں لیکن ترے بدن کی طرح

جو اٹھ گئے ہیں انہیں یہ خبر نہیں شاید

ہر انجمن تو نہیں تیری انجمن کی طرح

یہ بیلا جوہی چنبیلی کی ہر طرف خوشبو

مہک رہا ہے گلستاں کسی دلہن کی طرح

ترا کمال کہ ہر رنگ تجھ میں پوشیدہ

لباس پھولوں کے ہیں تیرے پیرہن کی طرح

وہ میں نہیں ہوں تو پھر اور کون ہے منظرؔ

وہ سر سے پاؤں تک اک شخص میرے فن کی طرح

مزید غزلیں از منظر ہاشمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں