پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منظر بھوپالی کی غزلیں — Manzar Bhopali Ghazals

منظر بھوپالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

طاقتیں تمہاری ہیں اور خدا ہمارا ہے (غزل)

طاقتیں تمہاری ہیں اور خدا ہمارا ہے

عکس پر نہ اتراؤ آئینہ ہمارا ہے

آپ کی غلامی کا بوجھ ہم نہ ڈھوئیں گے

آبرو سے مرنے کا فیصلہ ہمارا ہے

عمر بھر تو کوئی بھی جنگ لڑ نہیں سکتا

تم بھی ٹوٹ جاؤ گے تجربہ ہمارا ہے

اپنی رہنمائی پر اب غرور مت کرنا

آپ سے بہت آگے نقش پا ہمارا ہے

آنکھ بھر آئی کسی سے جو ملاقات ہوئی (غزل)

آنکھ بھر آئی کسی سے جو ملاقات ہوئی

خشک موسم تھا مگر ٹوٹ کے برسات ہوئی

دن بھی ڈوبا کہ نہیں یہ مجھے معلوم نہیں

جس جگہ بجھ گئے آنکھوں کے دئے رات ہوئی

کوئی حسرت کوئی ارماں کوئی خواہش ہی نہ تھی

ایسے عالم میں مری خود سے ملاقات ہوئی

ہو گیا اپنے پڑوسی کا پڑوسی دشمن

آدمیت بھی یہاں نذر فسادات ہوئی

اسی ہونی کو تو قسمت کا لکھا کہتے ہیں

جیتنے کا جہاں موقع تھا وہیں مات ہوئی

اس طرح گزرا ہے بچپن کہ کھلونے نہ ملے

اور جوانی میں بڑھاپے سے ملاقات ہوئی

زبان ہند ہے اردو تو ماتھے کی شکن کیوں ہے (نظم)

زبان ہند ہے اردو تو ماتھے کی شکن کیوں ہے

وطن میں بے وطن کیوں ہے

مری مظلوم اردو تیری سانسوں میں گھٹن کیوں ہے

تیرا لہجہ مہکتا ہے تو لفظوں میں تھکن کیوں ہے

اگر تو پھول ہے تو پھول میں اتنی چبھن کیوں ہے

یہ نانکؔ کی یہ خسروؔ کی دیاشنکرؔ کی بولی ہے

یہ دیوالی یہ بیساکھی یہ عید الفطر ہولی ہے

مگر یہ دل کی دھڑکن آج کل دل کی جلن کیوں ہے

یہ نازوں کی پلی تھی میرؔ کے غالبؔ کے آنگن میں

جو سورج بن کے چمکی تھی کبھی محلوں کے دامن میں

وہ شہزادی زبانوں کی یہاں بے انجمن کیوں ہے

محبت کا سبھی اعلان کر جاتے ہیں محفل میں

کہ اس کے واسطے جذبہ ہے ہمدردی کا ہر دل میں

مگر حق مانگنے کے وقت یہ بیگانہ پن کیوں ہے

یہ دوشیزہ جو بازاروں سے اٹھلاتی گزرتی تھی

لبوں کی نازکی جس کی گلابوں سی بکھرتی تھی

جو تہذیبوں کے سر کی اوڑھنی تھی اب کفن کیوں ہے

محبت کا اگر دعویٰ ہے تو اس کو بچاؤ تم

جو وعدہ کل کیا تھا آج وہ وعدہ نبھاؤ تم

اگر تم رام ہو تو پھر یہ راون کا چلن کیوں ہے

مزید غزلیں از منظر بھوپالی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں