پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منظر اعظمی کی غزلیں — Manzar Azmi 1 Ghazals

منظر اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پھر نئے زخم نئے کرب کی جاگیر لیے (غزل)

پھر نئے زخم نئے کرب کی جاگیر لیے

ہم بھٹکتے ہیں تری یاد کی تصویر لیے

عزم و ہمت سے لیا کام تو آزاد ہوئے

کب تلک رہتے بھلا پاؤں میں زنجیر لیے

جیتنا ہے تو میاں جنگ نہیں دل جیتو

کیوں چلے آتے ہو میدان میں شمشیر لیے

کاش کوئی ترے دیدار کی صورت نکلے

کھوئے کھوئے ہوئے رہتے ہیں یہ تدبیر لیے

ہجر کی رات بہت بوجھ ہے دل پر لیکن

ہم جیے جاتے ہیں امید کی تنویر لیے

ہم بھی انسان ہیں اوروں کی طرح جیتے ہیں

اپنی آنکھوں میں حسیں خواب کی تعبیر لیے

عشق کرتے ہیں مگر عشق میں مر جاتے ہیں

اہل دل پھرتے نہیں عشق کی تشہیر لیے

خاک کردار پہ سب ڈال کے کرتے ہیں گلہ

اور ہم جیتے ہیں مجبور سی تقدیر لیے

ہم بھی خوشبو میں نہا جاتے ہیں اس دم منظرؔ

جس گھڑی آتے ہیں وہ زلف گرہ گیر لیے

اس دور میں بھی ظالم و جابر کی طرح ہیں (غزل)

اس دور میں بھی ظالم و جابر کی طرح ہیں

کچھ لوگ یہاں شر کے عناصر کی طرح ہیں

کیا حال ہے اس شہر کے لوگوں کا نہ پوچھو

تپتے ہوئے صحرا کے مسافر کی طرح ہیں

کیا ہم سے خطا ہو گئی کیا جرم ہوا ہے

کیوں ملک میں ہم اپنے مہاجر کی طرح ہیں

کل تک جو رہے ظلم کی بنیاد پہ قائم

کچھ ایسے محل آج مقابر کی طرح ہیں

یادیں بھی تری دل میں مرے ان دنوں ہمدم

ہارے ہوئے لشکر کے مناظر کی طرح ہیں

غم ہو کہ خوشی رکھتا ہوں سینے سے لگا کر

یہ دونوں مرے دل کے عناصر کی طرح ہیں

بس ایک نظر میں ہی بنا لیتی ہیں اپنا

آنکھیں تری بنگال کے ساحر کی طرح ہیں

یہ آپ کی مرضی ہے کہ جو چاہے کریں آپ

دنیا میں مگر آپ مسافر کی طرح ہیں

رشتہ ہو کوئی اس کو نبھانے میں اے منظرؔ

اس وقت بھی ہم اپنے اکابر کی طرح ہیں

مزید غزلیں از منظر اعظمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں