پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منصور خوشتر کی غزلیں — Mansoor Khushtar Ghazals

منصور خوشتر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گھٹ گئی ہے قدر و قیمت آج کے انسان کی (غزل)

گھٹ گئی ہے قدر و قیمت آج کے انسان کی

ہم پہ غالب ہو گئیں مکاریاں شیطان کی

جس طرح بھی دیکھیے دہشت کا اک ماحول ہے

اک کھلونے کے برابر حیثیت ہے جان کی

اب دکاں بازار میں اہل خرد کی بند ہے

اب اجارہ داری ہے دانائی پر نادان کی

میں نے یہ سچائی جانی ہے بہت کھونے کے بعد

دوستی اچھی نہیں ہوتی کبھی نادان کی

زندگی کی مشکلوں کا حل ہے اپنا حوصلہ

کچھ اسی سے ہوتی ہے کھیتی ہری ارمان کی

زور باطل کو زمانے میں میسر ہے فروغ

آبرو خطرے میں ہے اب صاحب ایمان کی

زندہ رہنا آج کل خوشترؔ بہت دشوار ہے

بالادستی آج دیکھی جاتی ہے بلوان کی

آپ کو مجھ سے محبت بھی نہیں (غزل)

آپ کو مجھ سے محبت بھی نہیں

اور ''نہیں'' کہنے کی جرأت بھی نہیں

جاتے ہیں محفل سے میری جائیے

روکنا کچھ میری فطرت بھی نہیں

منحصر جس پہ ہو میری زندگی

تو نے کی ایسی محبت بھی نہیں

بے وفا کی ہمرہی سے فائدہ؟

اور اب چلنے کی ہمت بھی نہیں

جو کبھی دیوار پہ لٹکائی تھی

اب ترے کمرے کی زینت بھی نہیں

میں کسی کو چھوڑ دوں تیرے لیے

تجھ سے کچھ ایسی تو قربت بھی نہیں

خوشترؔ اس مہندی لگے ہاتھوں کی اب

جانے کیوں پہلی سی رنگت بھی نہیں

مزید غزلیں از منصور خوشتر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں