منصور فائز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بنجر زمیں پہ چادر سرسبز ڈال دے (غزل)
بنجر زمیں پہ چادر سرسبز ڈال دے
دریا ہوں مجھ کو جانب صحرا اچھال دے
تیرا ہی نور ان کے بدن سے ہو جلوہ گر
میرے لکھے حروف کو ایسا جمال دے
اٹھیں جو میرے پاؤں تو دھرتی ہو رقص میں
یہ کائنات رقص کرے وہ دھمال دے
حیرت کی دھوپ سے بھی نہ پگھلے وجود برف
رب کمال مجھ کو ہنر بے مثال دے
میرا قدم قدم ہو زمانوں میں معتبر
میرے نقوش جسم کو جاہ و جلال دے
باندھا نہ ہو کسی نے جسے سلک شعر میں
میری زبان فکر کو ایسا خیال دے
کشکول تیرے سامنے فائزؔ نے رکھ دیا
رحمت بدست سکے نگاہوں سے ڈال دے
لوگ جس شخص کو سردار بنا دیتے ہیں (غزل)
لوگ جس شخص کو سردار بنا دیتے ہیں
اپنی تقدیر کا مختار بنا دیتے ہیں
شعر کا رشتہ کسی فکر سے ہو یا نہیں ہو
چند الفاظ اسے شہکار بنا دیتے ہیں
تجربہ پر ہے نئے علم کی بنیاد سدا
دائرہ دیکھ کے پرکار بنا دیتے ہیں
صاحب کن فیکوں میرے بھی سینے میں اتار
لفظ جو آگ کو گلزار بنا دیتے ہیں
اتنا آساں نہیں یہ عشق دوبارہ بننا
آپ کہتے ہیں تو سرکار بنا دیتے ہیں
ہمی مٹی ہیں ہمی چاک ہمی کوزہ گر
آپ کو جو بھی ہے درکار بنا دیتے ہیں
اپنے دروازے پہ فائزؔ ہے شب و روز ہجوم
ہم ہیں وہ لوگ جو کردار بنا دیتے ہیں