پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منصور اعجاز کی غزلیں — Mansoor Ejaz Ghazals

منصور اعجاز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا مقدر میں ہے خدا جانے (غزل)

کیا مقدر میں ہے خدا جانے

نیند میں چل رہے ہیں دیوانے

صنعتیں شہر میں اجاڑیں گی

گاؤں تو کر دئے ہیں ویرانے

میں نے سچ بولنے کی ٹھانی ہے

کوئی آئے نہ مجھ کو سمجھانے

میری آنکھوں میں یہ نمی کیسی

کون رویا ہے میرے سرہانے

ظرف اول ہے عشق میں منصورؔ

انگلیاں کاٹ لیں زلیخا نے

چاند جب آسماں پہ چلتا ہے (غزل)

چاند جب آسماں پہ چلتا ہے

میرے دل سے کوئی گزرتا ہے

تھرتھرائے ہوئے لبوں سے ترے

دیکھنا ہے کہ کیا نکلتا ہے

کوئی صحرا نہیں سراب نہیں

تیری آنکھوں میں کیا چمکتا ہے

پھول کھلتے ہیں جب بھی گلشن میں

تو بھی آئے گا ایسا لگتا ہے

لوگ بیٹھے ہیں بند کمروں میں

اور سڑکوں پہ غم بھٹکتا ہے

چاند راتوں میں درد جاگے تو

تنہا کمروں میں دم بھی گھٹتا ہے

دل میں جل کر جو بجھ گیا منصورؔ

ذہن میں وہ چراغ جلتا ہے

مزید غزلیں از منصور اعجاز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں