پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منصور احمد کی غزلیں — Mansoor Ahmad Ghazals

منصور احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رات کی آنکھ میں میرے لئے کچھ خواب بھی تھے (غزل)

رات کی آنکھ میں میرے لئے کچھ خواب بھی تھے

یہ الگ بات کہ ہر خواب میں گرداب بھی تھے

زندگی بانجھ سی عورت تھی کہ جس کے دل میں

بوند کی پیاس بھی تھی آنکھ میں سیلاب بھی تھے

زخم کیوں رسنے لگے اک ترے چھو لینے سے

دکھ سمندر تھے مگر موجۂ پایاب بھی تھے

چاند کی کرنوں میں آہٹ ترے قدموں کی سنی

اور پھر چاند کے ڈھل جانے کو بیتاب بھی تھے

تجھ سے جو لمحہ ملا لمحۂ مشروط ملا

وصل کی ساعتوں میں ہجر کے آداب بھی تھے

اژدہا پانیوں کا شہر نوا ٹوٹ گیا

ماتمی آنکھ میں آنسو مرے بے آب بھی تھے

کتنا آباد مرے ساتھ تھا سایوں کا ہجوم

کیسے تنہائی کے صحرا تھے جو شاداب بھی تھے

مرے جرم عشق کی اس قدر مجھے اے ندیم سزا نہ دے (غزل)

مرے جرم عشق کی اس قدر مجھے اے ندیم سزا نہ دے

مرے دل پہ اتنی جفا نہ کر مجھے یوں نظر سے گرا نہ دے

یہی ایک گوہر بے بہا مری زندگی کا ہے ماحصل

مجھے ڈر ہے تیری یہ بے رخی غم آرزو کو مٹا نہ دے

ہے خموش آتش زندگی مگر اک شرر ترے عشق کا

مرے دل میں اب بھی چمک رہا ہے اسے بھی یاس بجھا نہ دے

اب اگرچہ قابل اعتبار ہے غیر ہی کی وفا مگر

مری اس وفا کو جو اعتبار سے گر چکی ہے بھلا نہ دے

جو مجھے یقیں ہو کہ میں ہی تیرے حریم غم کا رفیق ہوں

تو بلا سے گر مجھے بزم عیش میں بار تیری عطا نہ دے

سنو (نظم)

سنو

اس رات کی دھڑکن میں

کن منہ زور قدموں کی دھمک ہے

یہ دل کس جبر سے سہما ہوا ہے

زمانوں سے زمانوں تک بچھی اس رات میں

ہم ہاتھ آنکھوں پر لپیٹے

کیوں مسلسل چل رہے ہیں

زمیں اپنے سوا نیزے پہ اوندھے منہ گری ہے

ہمارا ہر قدم کتنے نشیبوں میں لڑھکتا ہے

یہ کیسی بے ابد سی ہوک ہے

جو رات کے پس منظروں میں گونجتی ہے

کوئی گھٹ گھٹ کے جیسے بین کرتا ہو

زمیں کی لرزشیں اب سانس کی گردش کا حصہ ہیں

درون ذات اندیشے دھڑکتے ہیں

نجانے اس گھڑی کتنی ہی آہن پوش سانسیں

جل بجھی ہوں گی

کسی کے ساتھ جڑنے کی تمنا میں

ہمیشہ سے کہیں بڑھ کے ادھورے ہو گئے ہوں گے

کبھی تم نے خبر نامے میں

لمبی میز کے چاروں طرف بیٹھے خدا دیکھے

کبھی ان کی نگاہوں میں جمی بے گانگی دیکھی

انہیں آسودگی یہ ہے

کہ ان کے فیصلوں سے

جن گھروں میں موت اترے گی

وہ ان کے گھر نہیں ہوں گے

تمہیں معلوم ہے یہ سرد آنکھیں تو ہمارے مقبرے ہیں

ہم ان قبروں میں عمریں بھوگ دیتے ہیں

مگر اک پل بھی زندہ رہ نہیں پاتے

ادھر یہ میز کے چاروں طرف بیٹھے فقط یہ سوچتے ہیں

کہ قبریں اور گہری کس طرح کھودیں

جو ذروں میں بچی کچھ زندگی

باقی گھروں میں رینگتی ہے

اسے بھی چھین کر یہ کس طرح

اپنے گھروں میں قید کر ڈالیں

یہ سورج باندھ سکتے ہیں تو سب کچھ باندھ سکتے ہیں

ہماری روشنی صبحیں ہوا سب ان کے قیدی ہیں

سویرے سے تہی یہ رات ہی آزاد پھرتی ہے

ہمیں کب تک نشیبوں میں لڑھکنا اور قبروں میں پنپنا ہے

چلو اک بار ہی چیخیں

کہ اس پر ہول سناٹے میں کوئی گونج تو ابھرے

یہ ممکن ہے ہماری چیخ کی آواز

اس دیوار کی پرلی طرف جکڑے ہوئے سورج کو چھو جائے

مگر یہ کیسے ممکن ہے

مزید غزلیں از منصور احمد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں