پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منصور محبوب کی غزلیں — Mansoor Mahboob Ghazals

منصور محبوب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہماری رام لیلا بس یہی ہے (غزل)

ہماری رام لیلا بس یہی ہے

ہماری چھت ہمی پر آ پڑی ہے

سمے رکنے پہ بھی یہ چل رہی ہے

بہت یہ ایک بیہودہ گھڑی ہے

در و دیوار و چھت جب گر چکے ہیں

تو پھر کس آس پر سیڑھی کھڑی ہے

ترے بندوں سے یوں لگتا ہے ایسے

کہ اب خود سے ہی تیری دوستی ہے

بتا کیسے یہاں ہوگا اندھیرا

مکاں میں جب تمہاری روشنی ہے

ہمارے خواب کب کے سو چکے ہیں

ہماری نیند بھی اب جاگتی ہے

اگر ہے دائرہ ہستی ہماری

تمہارے گرد ہی تو گھومتی ہے

ہماری ہر گھڑی خود سے لڑائی

بھلا یہ زندگی بھی زندگی ہے

ہماری پشت پر حملہ ہوا ہے

ہماری کب کسی سے دوستی ہے

ہمیں خوش دیکھ کر حیران کیوں ہو

تمہارے حسن کی یہ چاشنی ہے

سر تسلیم خم رکھنا ہے منصورؔ

ہمارے بخت میں بس نوکری ہے

میں بنانے بیٹھتا ہوں کچھ تو بن جاتا ہے کچھ (غزل)

میں بنانے بیٹھتا ہوں کچھ تو بن جاتا ہے کچھ

کار خلقت میں کبھی ہوتا بھلا ایسا ہے کچھ

روز محشر اے خدا اس بات کا رکھنا خیال

میں نے دنیا میں تری بویا تھا کچھ کاٹا ہے کچھ

نور آگاہی کی گہرائی ابھی پوچھو نہیں

دام ماہیت میں یہ انساں ابھی الجھا ہے کچھ

آج پھر سے کوئی عاشق رمز عرفاں پا گیا

آج پھر سے محفل خوباں میں سناٹا ہے کچھ

آتش الفت میں جلنے کا مزہ لینے تو دے

راکھ میری مت اڑا مجھ کو ابھی جلنا ہے کچھ

جاں نکلنے کی دعا دو مجھ کو مرنے کی نہیں

جاں نکلنا اور کچھ ہے اور مر جانا ہے کچھ

یاد کرتے ہو بہت تنہائی میں اب بھی مجھے

مان بھی جاؤ تمہارا اور مرا رشتہ ہے کچھ

خیر ہو قاصد تری کیا خوب ہے آمد کا وقت

آ پہنچتا ہے تو تب جب زخم دل بھرتا ہے کچھ

بس یہی کہہ دیں گے گر پوچھا گیا ہم سے سوال

دل کے ارماں کو کبھی کچلا ہے کچھ پالا ہے کچھ

کیوں بھلا منصورؔ کی تخلیق میں آئے کمال

اس کی نیت میں ہے کچھ کہتا ہے کچھ کرتا ہے کچھ

مزید غزلیں از منصور محبوب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں