من پریت کور سندھو کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میرے زخموں کو یوں ہوا دیجے (غزل)
میرے زخموں کو یوں ہوا دیجے
اب مرا نام تک بھلا دیجے
میں ہوں بیمار چھوڑ کر مجھ کو
اک نئے ڈھنگ سے شفا دیجے
چار پل ساتھ بیٹھ جاؤں میں
پھر بھلے بزم سے اٹھا دیجے
میں نے برسوں تلک وفا کی ہے
آپ اس کی مجھے سزا دیجے
پریتؔ یہ درد تو مقدر ہے
کیوں بھلا اس کو بد دعا دیجے
جو کچھ بھی میرے پاس تھا کھونا پڑا مجھے (غزل)
جو کچھ بھی میرے پاس تھا کھونا پڑا مجھے
زخموں میں نشتروں کو چبھونا پڑا مجھے
تیری طرف سے جب کوئی تحفہ نہ مل سکا
اشکوں کے موتیوں کو پرونا پڑا مجھے
اے جان جاں ترے لیے کیا کیا نہ کر گئی
میں بے وفا نہیں تھی پہ ہونا پڑا مجھے
تو نے دئے جو درد کبھی مٹ نہیں سکے
ہر داغ آنسوؤں سے ہی دھونا پڑا مجھے
تو بھی مری پسند تھا میرا نصیب تھا
یہ بات سوچ سوچ کے رونا پڑا مجھے
میں پریتؔ اس کے ہجر میں جلتی رہی سدا
کانٹوں کی سیج تھی جہاں سونا پڑا مجھے
مزید غزلیں از من پریت کور سندھو ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں