پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منشاء الرحمن خاں منشاء کی غزلیں — Mansha Ur Rahman Khan Mansha Ghazals

منشاء الرحمن خاں منشاء کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پھولوں کو تبسم کی ادا تجھ سے ملی ہے (غزل)

پھولوں کو تبسم کی ادا تجھ سے ملی ہے

گلشن کو جنوں خیز ہوا تجھ سے ملی ہے

اے خلد نظر جان چمن روح بہاراں

شبنم کو یہ نمناک ضیا تجھ سے ملی ہے

بزم مہ و انجم کو بھی اے شاہد رعنا

یہ نور سے بھرپور فضا تجھ سے ملی ہے

گلگوں لب و رخسار کے صدقہ میں شفق کو

یہ رنگ کی دولت بخدا تجھ سے ملی ہے

اس روئے ضیا بار پہ یہ ابر کا گھونگٹ

بجلی کو یقیناً یہ حیا تجھ سے ملی ہے

ساقی تری آنکھوں کی قسم ساغر مے کو

یہ کیفیت ہوش ربا تجھ سے ملی ہے

اے دوست تیری نیم نگاہی کے تصدق

دل کو خلش روح فزا تجھ سے ملی ہے

کونین کے ہر راز کو محرم جسے کہئے

منشاؔ کو وہی فکر رسا تجھ سے ملی ہے

جگر کو چاک کہ دل کو لہو لہو کیجے (غزل)

جگر کو چاک کہ دل کو لہو لہو کیجے

حیات کو کسی عنوان سرخ رو کیجے

نہیں ہے حوصلہ مر مر کے زندہ رہنے کا

تو کون کہتا ہے جینے کی آرزو کیجے

ہے چاک چاک بہت زندگی کا پیراہن

خدا کے واسطے کچھ کوشش رفو کیجے

لہو سے پہلے گلستاں کو کیجیے سیراب

پھر اس کے بعد تمنائے رنگ و بو کیجے

تمہاری بزم میں آئی کہاں سے یہ رونق

نظر ملا کے ذرا ہم سے گفتگو کیجے

بہ فیض عشق تقدس مآب ہیں ہم لوگ

ہمارا ذکر بھی کیجے تو با وضو کیجے

قلم اٹھے تو رہے عظمت قلم کا خیال

اے منشاؔ یوں ہی سدا حفظ آبرو کیجے

آؤ اپنے دل میں درد لا دوا پیدا کریں (نظم)

آؤ اپنے دل میں درد لا دوا پیدا کریں

شدت غم میں مسرت کا مزا پیدا کریں

ٹوٹ جائے جن سے تغئیر زمانہ کا فسوں

وہ یقیں پیدا کریں وہ حوصلہ پیدا کریں

نور خورشید و ثریا جس سے ہو جائے خجل

ذرۂ ناچیز میں ایسی ضیا پیدا کریں

خود بخود اٹھ جائیں گی پابندیاں ماحول کی

اک ذرا ہم جذبۂ وحشت فزا پیدا کریں

وہ جو ہونا چاہتے ہیں زندگی میں کامیاب

عشق سے نسبت جنوں سے واسطہ پیدا کریں

ہو جنہیں منظور تسخیر جہان رنگ و بو

پہلے وہ چشم حقیقت آشنا پیدا کریں

راز ہستی ایک دن ہوگا اے منشاؔ بے نقاب

شرط یہ ہے ہم نگاہ با صفا پیدا کریں