پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منجھو بیگم لکھنوی کی غزلیں — Manjhoo Begam Lucknowi Ghazals

منجھو بیگم لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ ستم ایجاد ہے وہ بانیٔ بیداد ہے (نظم)

وہ ستم ایجاد ہے وہ بانیٔ بیداد ہے

حسرتوں کا خون کرتا ہے بڑا جلاد ہے

بے مروت ناوک افگن کا کوئی کیا دے نشان

نام اس بے درد کا مشہور اب صیاد ہے

دام بے دانہ کا پھیلاتا ہے ایسے جعل سے

طائر دل آ کے خود پھنستا ہے وہ صیاد ہے

ذبح کر ڈالا کسی کو نیم بسمل کر دیا

کوئی تنہا ہے قفس میں بند خود آزاد ہے

کند ہو کتنی چھری رک رک کے گردن پر چلے

حکم ہے لیکن نہ سننے پائیں ہم فریاد ہے

برگ گل کو روند ڈالا جب خرام ناز سے

بلبلیں چلا اٹھیں فریاد ہے فریاد ہے

ظلم بے انداز کرتا ہے نئے انداز سے

پھر مزہ یہ ہے اسیروں کو اسی کی یاد ہے

چال اس کی کوئی شاطر تک سمجھ سکتا نہیں

کہتے ہیں سب اپنے فن کا ایک ہی استاد ہے

دل میں کچھ عصیاں کا کھٹکا ہے نہ خوف باغباں

اور طرہ ہے کہ ہتھکنڈوں پہ اپنے شاد ہے

حکمراں فضل خدا سے اک وسیع گلشن کا ہے

رحمت باری ہے نازل ہر طرح آباد ہے

نغمہ‌ سنجی ہوتی ہے اکثر تو اس حسرت کے ساتھ

وہ مبارک ہیں کہ جن پر مہرباں صیاد ہے

ہم صفیروں سے حیا مانع ہے عرض حال سے

سب کہیں گے قید میں کتنی زباں آزاد ہے

کوئی کیوں ہم جنس کے ظلم و تشدد پر کڑھے

ورنہ روداد قفس ہم کو سرے سے یاد ہے

ایک دل اور مشکلیں اتنی کہ مشکل ہے بیاں

یا علیؑ آسان کیوں کر ہوں دم امداد ہے

قید غم سے مرغ دل کو کیجیے جلدی رہا

بے طرح اب میمؔ کا مضطر دل ناشاد ہے

مزید غزلیں از منجھو بیگم لکھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں