پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منیشا شریواستو کوثر کی غزلیں — Manisha Srivastav Kuasar Ghazals

منیشا شریواستو کوثر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہوا یوں کہ رات ڈھلی نہیں مرے بام دل پہ اتر گئی (غزل)

ہوا یوں کہ رات ڈھلی نہیں مرے بام دل پہ اتر گئی

رخ ماہتاب کی آس میں یوں ہی بیٹھے بیٹھے گزر گئی

ترے بازوؤں پہ ڈھلی ہوئی مرے زیر لب تھی رکی ہوئی

وہ جو خواب خواب سی رات تھی اسے چھو کے یاد گزر گئی

ترے دل کے داغ ترے نہیں یہ مری امانت زیست ہیں

یہ رکی رکی سی ہنسی تری مرے دشت دل میں بکھر گئی

تمہیں مجھ سے کوئی گلہ نہیں مری عادتوں سے خفا نہیں

کبھی ڈانٹنا کبھی روٹھنا وہ ادا تمہاری کدھر گئی

ہے نیا سفر نئی منزلیں مرے یار راہ دکھا مجھے

یہ سیاہ رات کی تیرگی تری اک نظر سے سنور گئی

کبھی بارشوں میں دھلی ہوئی کبھی بادلوں میں گھلی ہوئی

تری چشم تر مری سانس میں کوئی آہ بن کے ٹھہر گئی

مسافر تیری منزل ہی سفر ہے (غزل)

مسافر تیری منزل ہی سفر ہے

یہ دنیا چند سالوں کا ہی گھر ہے

ہمیں خانہ بدوشی بھا رہی ہے

سفر کی دھوپ ہی اپنا شجر ہے

چلے تھے ڈھونڈھنے اپنا جہاں ہم

کہاں پر کھو گئے کس کو خبر ہے

ہزاروں میل لمبے راستے ہیں

ہماری خار سے لپٹی ڈگر ہے

ذرا سستا تو لوں ان وادیوں میں

سہانی رت میں کھو جانے کا ڈر ہے

کسی ہمراہ نے ٹوکا تھا مجھ کو

سڑک یہ بند ہے جاتی کدھر ہے

وفا کی راہ پر چلتے ہوئے ہم

وہاں پہنچے جہاں بس گل مہر ہے

چلی باد صبا کوثرؔ کی جانب

نمی اوڑھے ہوئے خوشبو سے تر ہے

مزید غزلیں از منیشا شریواستو کوثر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں