مانک وشوکرما نورنگ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بے سبب ان دنوں مجھ سے ناراض ہے (غزل)
بے سبب ان دنوں مجھ سے ناراض ہے
جانتا ہوں میں یہ اس کا انداز ہے
پوچھتی ہے سبھی سے ٹھکانا مرا
اس کی دیوانگی پر مجھے ناز ہے
آزمایا ہے میں نے سبھی کو یہاں
اس کے جیسا نہ کوئی بھی دم ساز ہے
چاہتا ہوں نہ بولوں میں کچھ بھی اسے
بھانپ لیتی ہے چہرہ نظر باز ہے
مانتی ہے مجھے میں کہیں بھی رہوں
ہم سفر ہم نشیں میری ہمراز ہے
لوگ کہتے ہیں سجنے سنورنے لگی
بعد مدت کے آنکھوں میں پرواز ہے
پنکھ پھیلاتے ہی بنتی ہیں چمن میں سرخیاں (غزل)
پنکھ پھیلاتے ہی بنتی ہیں چمن میں سرخیاں
اس لئے اڑتی نہیں ہیں باغ میں اب تتلیاں
صرف اک تالاب کا پانی بدلنے کے لیے
بے سبب اس ملک میں ماری گئی ہیں مچھلیاں
چاند پر جانے لگی ہیں توڑ کر بندھن سبھی
بڑھ رہی ہیں ہر دشا میں ہو کے نربھیہ لڑکیاں
بھوک کا عالم کہیں کیا دیکھتے ہی دیکھتے
جسم غائب ہو چکا ہے دکھ رہی ہیں پسلیاں
لوٹتے ہیں رہنما بن کر لٹیرے آج کل
کب تلک بربادی کی اپنی بٹوریں سرخیاں
چھیڑنا اچھا نہیں ہوتا دبی ہر چیز کو
آگ بنتی ہے ہوا پاتی ہیں جب چنگاریاں
گاؤں کی پہچان دھومل ہو رہی ہے کیا کریں
لپت ہوتی جا رہی ہیں دن بہ دن اب بستیاں
صرف بھیے آتنک سے ہونے لگا ہے سامنا
خواب بن کر رہ گئی ہیں بچپنے کی مستیاں
عمر بھر لڑتے رہے لہروں سے ماجھی کے لیے
ڈوب جایا کرتی ہیں نزدیک تٹ کے کشتیاں
ہو گیا مشکل سڑک پہ گھومنا اس دور میں
رات بھر سنسان پتھ پر ناچتی ہیں پتلیاں