مانی ناگپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خیال حسن ضروری ہے زندگی کے لیے (غزل)
خیال حسن ضروری ہے زندگی کے لیے
چراغ لے لو اندھیرے میں روشنی کے لیے
چھپائے سے بھی کہیں عشق و مشک چھپتے ہیں
سوال بن گئی بے پردگی کسی کے لیے
مجھے جو فیض اٹھانا ہے میں اٹھا لوں گا
غرض نگاہ کرم ہے وہ اب کسی کے لیے
وہ دل نظر سے گرا دیں تو غم کی بات نہیں
یہ جام وضع ہوا ہے شکستگی کے لیے
بہکنے لگتی ہے دنیا شرابیوں کی طرح
نظر اٹھانا بھی دشوار ہے کسی کے لیے
زمانہ جب کبھی آمادۂ فریب ہوا
کسی نے پردہ اٹھایا ہے آگہی کے لیے
سرور چشم نگاراں نہ پوچھئے مانیؔ
طبیعت آج بھی موزوں ہے شاعری کے لیے
نیند میں ہے زمیں آسماں سو گیا (غزل)
نیند میں ہے زمیں آسماں سو گیا
آ بھی جاؤ کہ سارا جہاں سو گیا
آؤ خلوت سرائے حرم چھوڑ کر
بام و در سو گئے پاسباں سو گیا
صبح دم نقش پا ان کے دھندلا گئے
چاند بر جادۂ کہکشاں سو گیا
بال بکھرے ہوئے چہرہ اترا ہوا
شب کی آغوش میں گلستاں سو گیا
غم کی لو تیز ہنگامۂ شوق کم
آگ سلگا دی اور کارواں سو گیا
زلف و رخ کیا کہیں دن کہیں رات ہے
اک جہاں جاگ اٹھا اک جہاں سو گیا
مانیؔ شمع حریم غزل بجھ گئی
وہ جگرؔ شاعر خوش بیاں سو گیا