مناظر عاشق ہرگانوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس کا انداز بھی چہرہ بھی غزل جیسا ہے (غزل)
اس کا انداز بھی چہرہ بھی غزل جیسا ہے
وہ پڑوسی مرا لگتا بھی غزل جیسا ہے
دیکھنے والو اسے میری نظر سے دیکھو
یہ مرا چاند سا منا بھی غزل جیسا ہے
دھرم کے نام پہ یہ قتل کی سازش کچھ سوچ
تیرے ہمسائے کا بچہ بھی غزل جیسا ہے
حسن ایسا ہے کہ دیکھو تو لگے تاج محل
اس پہ وہ شخص سنورتا بھی غزل جیسا ہے
پت جھڑوں سے بھی ابھرتی ہیں بہاریں عاشقؔ
رنگ موسم کا بدلتا بھی غزل جیسا ہے
کرب کا سماں ہے میرے نام (غزل)
کرب کا سماں ہے میرے نام
جیسے اک جہاں ہے میرے نام
تنکے تنکے آندھیوں کا ذکر
کوئی آشیاں ہے میرے نام
چیختی مشینیں تیرے پاس
شہر کا دھواں ہے میرے نام
ہر ورق پہ زخم کی تحریر
ساری داستاں ہے میرے نام
روشنی کا لفظ تیرے پاس
درد کا بیاں ہے میرے نام
ہائے وہ بچپن کے دن (نظم)
ہائے وہ بچپن کے دن
صاف اور ستھرے سچے دن
یاد بہت آتے ہیں اب
اپنے تھے جب اپنے دن
فکر و تردد کس کو کہتے
دور غموں سے جب تھے دن
آنکھ مچولی اور کبڈی
گلی ڈنڈے والے دن
راتیں راحت سے بھرپور
اور شرارت والے دن
پیچھے پیچھے تتلی کے
پھلواری میں بیتے دن
آم امرود کے پیڑوں پر
ڈال پہ بیٹھے کھاتے دن
کاغذ پنسل اور کتاب
ایسی دولت والے دن
جسم غبار آلودہ لے کر
تالابوں میں تیراتے دن
کوئی نہیں تھا دشمن جب
سب کو دوست بناتے دن
توڑ لیں اوروں کے امرود
سب کے ساتھ وہ کھاتے دن
کاٹ لیں کھیتوں سے گنے
چوری پکڑے جاتے دن
شام پڑھائی میں گزرے
ہائے وہ مکتب والے دن
آہ مناظرؔ کس سے کہیں
میرے وہ لوٹا دے دن