پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مامون ایمن کی غزلیں — Mamun Aiman Ghazals

مامون ایمن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بدلتے وقت کی رفتار کیا ہے (غزل)

بدلتے وقت کی رفتار کیا ہے

محبت اب ترا کردار کیا ہے

زمیں کو چھو رہا ہے آسماں اب

طلب کی راہ میں پیکار کیا ہے

کٹا کر سر بھی مرتا ہی نہیں وقت

ہوا کے ہاتھ میں تلوار کیا ہے

بھلا بیٹھا ہوں میں خود کو بھی لوگو

مرے کاندھوں پہ اب یہ بار کیا ہے

ازل سے ہے مری فطرت میں جھکنا

تو پھر سجدوں سے مجھ کو عار کیا ہے

انا الحق سے ابھی واقف نہیں میں

مجھے معلوم کب ہے دار کیا ہے

مجھے ہے فخر میں خاکی ہوں میری

نظر میں نور کیا ہے تار کیا ہے

صبا سے پوچھتا پھرتا ہوں ایمنؔ

وفا میں پھول کیا ہے خار کیا ہے

مرنے کے لیے شوق سے جینا کیا ہے (غزل)

مرنے کے لیے شوق سے جینا کیا ہے

کیا کہئے زمانے سے کہ دنیا کیا ہے

اے کاش کوئی راز بتا دے مجھ کو

خالق نے مرے بارے میں لکھا کیا ہے

وجدان بھی بے بس ہے طلب کے ہاتھوں

کیا شے ہے بری دہر میں اچھا کیا ہے

کس خواب کی راہوں میں بھٹکتا ہے دل

گم گشتہ نگاہوں میں سراپا کیا ہے

جھونکے نے بدل ڈالا ہے خوشبو کا چلن

اک پھول نے اک خار کو چوما کیا ہے

قدموں سے لپٹتی ہے سرابوں کی گرد

رستہ کسی منزل کا تقاضا کیا ہے

دیوار کو تو پوج رہا ہے سورج

در وا ہے مگر در میں ہویدا کیا ہے

جذبات کو بھاتا نہیں کوئی موسم

احساس کے ہر موڑ میں سودا کیا ہے

ہر قرب کی تقدیر میں دوری کیسی

بستی کے مقدر میں یہ صحرا کیا ہے

پوشیدہ بھلا کیا ہے طلب سے ایمنؔ

امید کی تہہ داری سے افشا کیا ہے

مزید غزلیں از مامون ایمن ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں