پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ملک زادہ جاوید کی غزلیں — Malikzada Javed Ghazals

ملک زادہ جاوید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اندھے گونگے بہرے لوگ (غزل)

اندھے گونگے بہرے لوگ

اجلے کپڑے میلے لوگ

کم عمری میں سنتے ہیں

مر جاتے ہیں اچھے لوگ

بھاگ رہے ہیں دنیا میں

پاؤں کو سر پہ رکھے لوگ

رستے میں مل جاتے ہیں

تتلی کے پر جیسے لوگ

آئینوں کو لے کر ساتھ

پھرتے ہیں بے چہرے لوگ

مہنگے گھر میں رہتے ہیں

برف کے جیسے ٹھنڈے لوگ

دور حاضر میں جاویدؔ

کپڑوں میں ہیں ننگے لوگ

کرب چہروں پہ سجاتے ہوئے مر جاتے ہیں (غزل)

کرب چہروں پہ سجاتے ہوئے مر جاتے ہیں

ہم وطن چھوڑ کے جاتے ہوئے مر جاتے ہیں

زندگی ایک کہانی کے سوا کچھ بھی نہیں

لوگ کردار نبھاتے ہوئے مر جاتے ہیں

عمر بھر جن کو میسر نہیں ہوتی منزل

خاک راہوں میں اڑاتے ہوئے مر جاتے ہیں

کچھ پرندے ہیں جو سوکھے ہوئے دریاؤں سے

علم کی پیاس بجھاتے ہوئے مر جاتے ہیں

زندہ رہتے ہیں کئی لوگ مسافر کی طرح

جو سفر میں کہیں جاتے ہوئے مر جاتے ہیں

ان کا پیغام ملا کرتا ہے غیروں سے مجھے

وہ مرے پاس خود آتے ہوئے مر جاتے ہیں

جن کو اپنوں سے توجہ نہیں ملتی جاویدؔ

ہاتھ غیروں سے ملاتے ہوئے مر جاتے ہیں

مزید غزلیں از ملک زادہ جاوید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں