ملک زادہ منظور احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
چہرے پہ سارے شہر کے گرد ملال ہے (غزل)
چہرے پہ سارے شہر کے گرد ملال ہے
جو دل کا حال ہے وہی دلی کا حال ہے
الجھن گھٹن ہراس تپش کرب انتشار
وہ بھیڑ ہے کہ سانس بھی لینا محال ہے
آوارگی کا حق ہے ہواؤں کو شہر میں
گھر سے چراغ لے کے نکلنا محال ہے
بے چہرگی کی بھیڑ میں گم ہے ہر اک وجود
آئینہ پوچھتا ہے کہاں خد و خال ہے
جن میں یہ وصف ہو کہ چھپا لیں ہر ایک داغ
ان آئنوں کی آج بڑی دیکھ بھال ہے
پرچھائیاں قدوں سے بھی آگے نکل گئیں
سورج کے ڈوب جانے کا اب احتمال ہے
کشکول چشم لے کے پھرو تم نہ در بدر
منظورؔ قحط جنس وفا کا یہ سال ہے
ترک محبت اپنی خطا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے (غزل)
ترک محبت اپنی خطا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے
وہ اب بھی پابند وفا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے
دروازے پر آہٹ سن کر اس کی طرف کیوں دھیان گیا
آنے والی صرف ہوا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے
حال پریشاں سن کر میرا آنکھ میں اس کی آنسو ہیں
میں نے اس سے جھوٹ کہا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے
عرض طلب پر اس کی چپ سے ظاہر ہے انکار مگر
شاید وہ کچھ سوچ رہا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے
حد نظر تک صرف دھواں تھا برق پہ کیوں الزام رکھیں
آتش گل سے باغ جلا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے
خون بہانا اس کا شیوہ ہے تو سہی منظورؔ مگر
ہاتھ پہ اس کے رنگ حنا ہو ایسا بھی ہو سکتا ہے
ہمارے شعروں میں مقتل کے استعارے ہیں (نظم)
ہمارے شعروں میں مقتل کے استعارے ہیں
ہمارے غزلوں نے دیکھا ہے کوچۂ قاتل
صلیب و دار پہ نظمیں ہماری لٹکی ہیں
ہماری فکر ہے زخمی لہو لہان ہے فکر
ہر ایک لفظ پریشاں ہر ایک مصرعہ اداس
ہم اپنے شعروں کے مفہوم پر پشیماں ہیں
خدا کرے کہ جو آئیں ہمارے بعد وہ لوگ
ہمارے فن کی علامات کو سمجھ نہ سکیں
چراغ دیر و حرم سے کسی کا گھر نہ جلے
نہ کوئی پھر سے حکایات رفتگاں لکھے
نہ کوئی پھر سے علامات خونچکاں لکھے
فصیل دار سروں کے چراغ رقص جنوں
سراب تشنہ لبی خار آبلہ پائی
دریدہ پیرہنی چاک دامنی وحشت
سموم، آتش گل، برق، آشیاں، صیاد
روایتیں یہ مرے عہد کی علامت ہیں
علامتیں یہ مرے شعر کا مقدر ہیں