پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ملکہ نسیم کی غزلیں — Malika Naseem Ghazals

ملکہ نسیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہوا کے دوش پہ کس کے پیام آتے ہیں (غزل)

ہوا کے دوش پہ کس کے پیام آتے ہیں

ہمارے گھر کے در و بام مہکے جاتے ہیں

میں سوکھی ڈال ہوں لیکن تمہاری یادوں کے

پرندے آ کے سر شام بیٹھ جاتے ہیں

ہماری آنکھوں میں یوں انتظار روشن ہے

ندی میں جیسے کئی دیپ جھلملاتے ہیں

چلی ہیں دور ترقی کی آندھیاں کیا کیا

شرافتوں کے در و بام ٹوٹے جاتے ہیں

دھندلکا شام کا چھانے لگا ہے سوچتی ہوں

کہ اس سمے تو پرندے بھی لوٹ آتے ہیں

یہ زندگی وہ کڑی دھوپ ہے نسیمؔ یہاں

نہ جانے کتنے ہرے پیڑ سوکھ جاتے ہیں

سلگتی شام کی دہلیز پر جلتا دیا رکھنا (غزل)

سلگتی شام کی دہلیز پر جلتا دیا رکھنا

ہماری یاد کا خوابوں سے اپنے سلسلہ رکھنا

صدا بن کر گھٹا بن کر فضا بن کر صبا بن کر

نہ جانے کب میں آ جاؤں دریچہ تم کھلا رکھنا

انہیں راہوں سے لوٹوں گی نہ آؤں یہ بھی ممکن ہے

مگر تم ریت پر محفوظ اپنے نقش پا رکھنا

نہ پڑھ لے کوئی تحریریں تمہارے زرد چہرے کی

در و دیوار گھر کے شوخ رنگوں سے سجا رکھنا

جو بہنیں مفلسی سے بھائیوں پر بوجھ بنتی ہیں

وہ مر جائیں تو ان کے ہاتھ میں شاخ حنا رکھنا

ایک عرصے سے سوچ رہی ہوں (نظم)

ایک عرصے سے سوچ رہی ہوں

کہ تم کو خط لکھوں

لیکن کیا لکھوں

یہی کہ اندھیرے کے بادل چھٹ نہیں رہے ہیں

یا یہ لکھوں کہ

خوف و دہشت کے سائے

کس طرح کم نہیں ہو رہے ہیں

ہر طرف چیخیں کراہیں لاشیں دھواں

سسکتی جوانی بلکتی ممتا

گم صم بچپن

یا پھر بیروت کی کہانیاں لکھوں

کشمیر کی سلگتی وادیوں کی داستان لکھوں

بھاگل پور کو موضوع قلم ٹھہراؤں

یا سری نکا کے فسانے لکھوں

اس لئے کہ

پنجاب میں تو حادثوں کا ہونا ویسے ہی ضروری ہے

جیسے صبح کا ہونا

اب میں تم کو تب خط لکھوں گی

جب ہر سمت سے فرحت بخش ہوائیں آئیں گی

خوشی کے پیغام لائیں گی

سنہری دھوپ میں امن کی دیوی

اپنا آنچل لہرائے گی

گولیوں کی پر ہول آوازیں

کوئل کے سریلے نغموں میں بدل جائیں گی

لوگوں کے ذہنوں سے نفرتوں کے بادل چھٹ جائیں گے

تب میں تم کو خط لکھوں گی

کہ میں بہت خوش ہوں

امید کہ تم بھی خوش ہو گے

مزید غزلیں از ملکہ نسیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں