ملکہ آفاق زمانی بیگم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دنیا یہ سمجھتی ہے کہ آنکھوں سے نہاں ہو (غزل)
دنیا یہ سمجھتی ہے کہ آنکھوں سے نہاں ہو
دل میرا یہ کہتا ہے قریب رگ جاں ہو
ہر دانے کی ہے نشوونما خاک میں مل کر
وہ قطرہ نہیں رہتا جو دریا میں نہاں ہو
تم طالب دیدار سے رخ کو نہ چھپاؤ
در پردہ نگاہوں میں ہو ظاہر میں نہاں ہو
مظلومی کا منشا ہے یہ حسرت کا تقاضہ
بستی پہ شہیدوں کی بیاباں کا گماں ہو
پھر جوش جنوں لے چلا صحرا کی طرف کو
کیا جانیے اب صبح کہاں شام کہاں ہو
ہاں صبر نہیں کہتے تو کیا کہتے ہیں اس کو
خاموش رہوں اور مرے منہ میں زباں ہو
منصور کی مانند اگر جان ہو قرباں
قصہ ہو مرا اور زمانے کی زباں ہو
مایوسی کی تصویر ہو حسرت کا مرقع
اس طرح سے میت کسی بیکس کی رواں ہو
دل میں ہو مرے تیرا تصور دم آخر
ہاں نزع میں بھی نام ترا ورد زباں ہو
دل بیٹھتا ہے سینہ میں یوں بحر الم سے
کشتی کوئی جس طرح تہہ آب رواں ہو
کہتے ہیں مجھے دیکھ کے اللہ رے نفرت
وہ کون سا دن ہو جو یہ مٹی میں نہاں ہو
بدنام کرے غیر تو خوش ہوتے ہیں آفاقؔ
برہم ہوں وہ مجھ پر جو یہ کہہ دوں مری جاں ہو
کس قدر تیز ہے شباب کی دھوپ (غزل)
کس قدر تیز ہے شباب کی دھوپ
جیسے بھادوں میں آفتاب کی دھوپ
یہ نہ کہئے کہ موئے سر ہیں سفید
ہے زمانے کے انقلاب کی دھوپ
یوں جوانی گزر گئی افسوس
جیسے ڈھلتی ہے آفتاب کی دھوپ
قمر حسن واہ کیا کہنا
چاندنی ہے کہ ماہتاب کی دھوپ
کہئے غصہ نہ آئے گا آفاقؔ
گھیرے کوئی اگر جناب کی دھوپ