پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ملک تاسے کی غزلیں — Malik Tase Ghazals

ملک تاسے کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کتنے بے حس ہیں بے حیا ہیں لوگ (غزل)

کتنے بے حس ہیں بے حیا ہیں لوگ

سربسر جور ہیں جفا ہیں لوگ

میں نے حق بات جب سے کہہ دی ہے

مجھ سے بے انتہا خفا ہیں لوگ

نام سے بھی وفا کے چڑتے ہیں

کس قدر دشمن وفا ہیں لوگ

ان کے کار سیاہ مت پوچھو

بن کے پھرتے جو پارسا ہیں لوگ

خوگر عدل کا خدا حافظ

دشمن عدل برملا ہیں لوگ

جان دیتے ہو جو اصولوں پر

آج بھی ایسے بے بہا ہیں لوگ

میرے دل کو ہے جستجو جن کی

وہ بہت ہی ملکؔ جدا ہیں لوگ

مدت سے آرزو ہے دل بے قرار میں (غزل)

مدت سے آرزو ہے دل بے قرار میں

کچھ تو کمی ہو تلخی لیل و نہار میں

کیا جانے کیسے ہو گیا کیونکر یہ ہو گیا

رونق رہی نہ پہلی سی فصل بہار میں

تکمیل شوق میں نہ کبھی مل سکی وہ شے

جو تھی قدم قدم تپش انتظار میں

آب رواں کی پہنچیں یہاں تک کثافتیں

گھٹنے لگا ہے ماہی کا دم جوئے بار میں

دنیا کی تلخیوں نے اسے بھی مٹا دیا

ملتا تھا بانکپن جو کبھی نگہ یار میں

عشرت ملے ہر ایک کو تو کوئی بات ہے

یہ کیا کہ بٹ رہے وہ فقط دو ہی چار میں

مزید غزلیں از ملک تاسے ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں