پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مخمور جالندھری کی غزلیں — Makhmoor Jalandhari Ghazals

مخمور جالندھری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وفا کے ساتھ محبت میں نام پیدا کر (غزل)

وفا کے ساتھ محبت میں نام پیدا کر

یوں ہی جہاں میں قیام دوام پیدا کر

ترے لئے نہیں کونین میں جو گنجائش

کسی کے دل ہی میں جائے قیام پیدا کر

ہو جس طرح گزر آندھی کی طرح منزل سے

قدم بڑھا طلب تیز گام پیدا کر

یہ انجم و مہ و خورشید ہو چکے بوڑھے

نئی تجلیٔ بالائے بام پیدا کر

نہ رینگ موسمی کیڑوں کی طرح پستی پر

فلک سے بھی کوئی اونچا مقام پیدا کر

جس انجمن میں گزر ہو ترا مہک جائے

صبا کی طرح شگفتہ خرام پیدا کر

بہت اداس ہے اب رنگ محفل ہستی

جبیں سے صبح تو زلفوں سے شام پیدا کر

ہو ایک ہاتھ میں شمشیر دوسرے میں قلم

انہی کے زور سے دنیا میں نام پیدا کر

نگاہ مست سے ساغر بہت پئے تو نے

اب اور ہی کوئی مخمورؔ جام پیدا کر

پابند احتیاط وفا بھی نہ ہو سکے (غزل)

پابند احتیاط وفا بھی نہ ہو سکے

ہم قید ضبط غم سے رہا بھی نہ ہو سکے

دار و مدار عشق وفا پر ہے ہم نشیں

وہ کیا کرے کہ جس سے وفا بھی نہ ہو سکے

گو عمر بھر نہ مل سکے آپس میں ایک بار

ہم ایک دوسرے سے جدا بھی نہ ہو سکے

جب جزو کی صفات میں کل کی صفات ہیں

پھر وہ بشر ہی کیا جو خدا بھی نہ ہو سکے

یہ فیض عشق تھا کہ ہوئی ہر خطا معاف

وہ خوش نہ ہو سکے تو خفا بھی نہ ہو سکے

وہ آستان دوست پہ کیا سر جھکائے گا

جس سے بلند دست دعا بھی نہ ہو سکے

یہ احترام تھا نگہ شوق کا جو تم

بے پردہ ہو کے جلوہ نما بھی نہ ہو سکے

مخمورؔ کچھ نہ پوچھیے مجبورئ حیات

اچھی طرح خراب فنا بھی نہ ہو سکے

سنتے ہیں یاد مصیبت میں خدا آتا ہے (نظم)

سنتے ہیں یاد مصیبت میں خدا آتا ہے

آسرا اک یہی مجبور کی تقدیر میں رہ جاتا ہے

''کھول دو بند کلیساؤں کے در کھول بھی دو

مانا مانوس نہیں ہاتھ دعاؤں سے دعائیں مانگیں

مملکت پر کہیں خورشید نہ ہو جائے غروب

حکم دے دو کہ سبھی اپنے خداؤں سے دعائیں مانگیں''

جی پہ بن جائے تو ذلت بھی اٹھا لیتے ہیں

سنتے ہیں باپ مصیبت میں گدھے کو بھی بنا لیتے ہیں

''ناگ ہے اپنا معاون تو کوئی بات نہیں

کام لینا ہے ہمیں ناگ خزانے پہ بٹھا لو اپنے

شہد کا گھونٹ سمجھ کر سم قاتل پی جاؤ

کسی قیمت کسی اجرت پہ اسے ساتھ ملا ملا لو اپنے''

سارا دھن جاتا ہے تو نصف لٹا دیتے ہیں

سنتے ہیں بچے جو چیخیں انہیں افیون کھلا دیتے ہیں

''سب کو بخشیں گے مصائب کی سلاسل سے نجات

جنگ لڑتے ہیں صداقت کی، مساوات کی اعلان کرو

اپنی من مانی ہی آخر میں کریں گے اب تو

دہر کو وعدۂ پر کیف سے منت کش احسان کرو

ناگ ڈستا ہے، اسے دودھ پلاؤ کتنا

سوکھی بیری سے کبھی بیر نہیں جھڑتے، ہلاؤ کتنا''

''عہد آلام بھی معدوم، خدا بھی معدوم

کوئی خدشہ نہیں پھر سے ستم و جور کو ارزاں کر لو

فتح کا جشن منانا ہے مگر دھوم کے ساتھ

اپنے گھر حسن سے یا خون کی بوندوں سے چراغاں کر لو

اپنے محکوموں کی ہستی بھی کوئی ہستی ہے

یہ تو وعدوں پہ بھی جی سکتے ہیں ان سے نئے پیماں کر لو''

تیرگی بڑھتی ہے طوفان امڈ آتا ہے

بدلیاں چھا کے برستی ہیں فلک پھر سے نکھر جاتا ہے

مزید غزلیں از مخمور جالندھری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں