پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مخمور دہلوی کی غزلیں — Makhmoor Dehlvi Ghazals

مخمور دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دوئی کا تذکرہ توحید میں پایا نہیں جاتا (غزل)

دوئی کا تذکرہ توحید میں پایا نہیں جاتا

جہاں میری رسائی ہے مرا سایا نہیں جاتا

مرے ٹوٹے ہوئے پائے طلب کا مجھ پہ احساں ہے

تمہارے در سے اٹھ کر اب کہیں جایا نہیں جاتا

محبت ہو تو جاتی ہے محبت کی نہیں جاتی

یہ شعلہ خود بھڑک اٹھتا ہے بھڑکایا نہیں جاتا

فقیری میں بھی مجھ کو مانگنے سے شرم آتی ہے

سوالی ہو کے مجھ سے ہاتھ پھیلایا نہیں جاتا

چمن تم سے عبارت ہے بہاریں تم سے زندہ ہیں

تمہارے سامنے پھولوں سے مرجھایا نہیں جاتا

محبت کے لیے کچھ خاص دل مخصوص ہوتے ہیں

یہ وہ نغمہ ہے جو ہر ساز پر گایا نہیں جاتا

تکلف بر طرف تم کیسے معبود محبت ہو

کہ اک دیوانہ تم سے ہوش میں لایا نہیں جاتا

محبت اصل میں مخمورؔ وہ راز حقیقت ہے

سمجھ میں آ گیا ہے پھر بھی سمجھایا نہیں جاتا

کسے اپنا بنائیں کوئی اس قابل نہیں ملتا (غزل)

کسے اپنا بنائیں کوئی اس قابل نہیں ملتا

یہاں پتھر بہت ملتے ہیں لیکن دل نہیں ملتا

محبت کا صلہ ایثار کا حاصل نہیں ملتا

وہ نظریں بارہا ملتی ہیں لیکن دل نہیں ملتا

تمہارا روٹھنا تمہید تھی افسانۂ غم کی

زمانہ ہو گیا ہم سے مزاج دل نہیں ملتا

جہاں تک دیکھتا ہوں میں جہاں تک میں نے سمجھا ہے

کوئی تیرے سوا تعریف کے قابل نہیں ملتا

حرم کی منزلیں ہوں یا صنم خانے کی راہیں ہوں

خدا ملتا نہیں جب تک مقام دل نہیں ملتا

مسافر اپنی منزل پر پہنچ کر چین پاتے ہیں

وہ موجیں سر پٹکتی ہیں جنہیں ساحل نہیں ملتا

ہم اپنا غم لیے بیٹھے ہیں اس بزم طرب میں بھی

کسی نغمے سے اب مخمورؔ ساز دل نہیں ملتا