مخمور بھوپالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جلتا رہا ہوں دل کو جلاتا رہا ہوں میں (غزل)
جلتا رہا ہوں دل کو جلاتا رہا ہوں میں
دامان حسن دوست بچاتا رہا ہوں میں
ہر چند زخم دل ہی پہ کھاتا رہا ہوں میں
ان سے مگر نگاہ ملاتا رہا ہوں میں
وعدہ کی شام آپ تو آئے نہیں مگر
دل کو بجائے شمع جلاتا رہا ہوں میں
کیف تمام عشق کا عالم نہ پوچھئے
خود ان کو بھی شراب پلاتا رہا ہوں میں
تیرا خیال تیرا تصور لئے ہوئے
ذروں کو آفتاب بناتا رہا ہوں میں
مخمورؔ میری بے خودیٔ شوق دیکھنا
پردہ اٹھے ہوئے بھی گراتا رہا ہوں میں
غم عشق کو آزمانا پڑے گا (غزل)
غم عشق کو آزمانا پڑے گا
انہیں ربط الفت بڑھانا پڑے گا
در یار کعبہ نہیں پھر بھی زاہد
در یار پر سر جھکانا پڑے گا
نشاں اس کا ملنا تو مشکل نہیں ہے
مگر نقش ہستی مٹانا پڑے گا
یہی ہے اگر میرا ذوق نظارہ
سر طور پھر تم کو آنا پڑے گا
سر حشر دامن پکڑ کر کسی کا
کہوں گا مجھے بخشوانا پڑے گا
یہ کہتی ہے مخمورؔ ان کی محبت
مرے سامنے سر جھکانا پڑے گا