پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مخدوم زادہ مختار عثمانی کی غزلیں — Makhdoom Zada Mukhtar Usmani Ghazals

مخدوم زادہ مختار عثمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ عالم ہے قضا کا سامنا ہے (غزل)

وہ عالم ہے قضا کا سامنا ہے

کسے معلوم یہ وقت دعا ہے

نظر افروز ہے دل کش فضا ہے

غزل کا روپ بھی بدلا ہوا ہے

خدایا خیر عشق محترم کی

ندی کا زور ہے کچا گھڑا ہے

ضرورت ہے ہمیں ہر لمحہ جس کی

اسی سے رابطہ ٹوٹا ہوا ہے

دعائیں سبز سایہ بن چکی ہیں

درخت اب اتنا بوڑھا ہو چکا ہے

سحر کی آرزو میں سونے والا

مسافر رات بھر جاگا رہا ہے

نہیں مختارؔ مجھ کو فکر دنیا

دعا ہے آپ کی فضل خدا ہے

یہ سمجھ لو ناشناس رہ منزل وفا ہے (غزل)

یہ سمجھ لو ناشناس رہ منزل وفا ہے

جو قدم قدم پہ پوچھے ابھی کتنا فاصلہ ہے

مری تشنگی کی شدت کی یہ انتہا ہے شاید

کہ سمندروں کا دامن مرے گھر سے آ ملا ہے

مرے گھر میں آگ رکھ دو مجھے بے وفا بنا دو

کسی سرد مصلحت نے مجھے برف کر دیا ہے

یہ کرم نہیں تو کیا ہے مرے دست نارسا میں

مرے پاس جو بھی کچھ ہے ترا فیض ہے عطا ہے

بڑا مطمئن تھا قاتل کہ نہیں تھا کوئی شاید

اسے یہ خبر نہیں تھی کہ لہو بھی بولتا ہے