پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مخدوم منور کی غزلیں — Makhdoom Munawwar Ghazals

مخدوم منور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر شب ایک ہی خواب سے الجھا رہتا ہوں (غزل)

ہر شب ایک ہی خواب سے الجھا رہتا ہوں

میں دریا ہوں پھر بھی پیاسا رہتا ہوں

دن کی فصل کٹے تو شام ڈھلے اکثر

خوابوں کی دیوار سے چپکا رہتا ہوں

ہوا کی زد پہ میں اک ایسا سورج ہوں

شام سے ہی رستے پہ رکھا رہتا ہوں

چلتے چلتے دریا جب تھک جاتے ہیں

یاد کے گہرے ساگر میں ڈوبا رہتا ہوں

سوچ کی گلیوں میں آوارہ پھرتا ہوا

گھر کے دروازے پر تنہا رہتا ہوں

شاید کوئی مجھے جگانے آ جائے

اس خواہش میں پہروں سویا رہتا ہوں

روشنیوں کا گھر بھی نہیں ملتا مخدومؔ

سورج کا سایا ہوں بھاگا رہتا ہوں

سوچ کا اک جلتا سا دیا ہے (غزل)

سوچ کا اک جلتا سا دیا ہے

سویا ہوا دکھ جاگ اٹھا ہے

چہرہ چہرہ بوجھ تھکن کا

آدھے رستے پر بیٹھا ہے

گہری یادوں کا سورج بھی

دھیرے دھیرے ڈوب چلا ہے

آگ لگا کر اپنے گھر کا

کوئی تماشا دیکھ رہا ہے

خالی ہاتھ اور خالی چہرے

پانی رستہ ڈھونڈ رہا ہے

کرنوں کی متوالی فضا میں

سورج سا اک تھال گڑا ہے

رستے جاتے ہیں گاؤں کو

شہر نے چہرہ بدل لیا ہے

مجھ میں کوئی بس جائے پھر

خالی کمرہ بول رہا ہے

دور چلیں مخدومؔ یہاں سے

اک اڑتے پنچھی نے کہا ہے

ان کے ذہن (نظم)

ان کے ذہن

ان کی پرانی لکیروں میں

ڈوب رہے ہیں

وہ اپنی ڈوبتی سانسوں کے

اندھیرے کمروں میں

ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں

ان کی سوچ کا زخمی کوہان

مکھیوں کی بھنبھناہٹ سے

لرزیدہ ہے

انہیں نئے بتوں سے

نفرت ہے

وہ پرانے بتوں کی پرستش میں

نئے پیدا ہونے والے

بچے کا گلا

گھونٹنا چاہتے ہیں

کہ آزادی کی آواز

اس کے حلق سے نکل کر

ان کے کپڑوں کو

اجلا نہ کر دے

وہ اجلے پن کی پیشانی سے

ڈرتے ہیں

کہ وہ پرانے خداؤں کی

پرستش میں

اپنے آپ کو بھول گئے ہیں

اور آنے والا بچہ

صدیوں پرانے

درخت کی ٹہنی پر بیٹھا

مسکراہٹ کی جھلملاہٹ میں

گرم ہاتھوں کی شاخوں میں

نہا رہا ہے

مزید غزلیں از مخدوم منور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں