پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مخدومؔ محی الدین کی غزلیں — Makhdoom Mohiuddin Ghazals

مخدومؔ محی الدین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

''آپ کی یاد آتی رہی رات بھر'' (غزل)

''آپ کی یاد آتی رہی رات بھر''

چاندنی دل دکھاتی رہی رات بھر

گاہ جلتی ہوئی گاہ بجھتی ہوئی

شمع غم جھلملاتی رہی رات بھر

کوئی خوشبو بدلتی رہی پیرہن

کوئی تصویر گاتی رہی رات بھر

پھر صبا سایۂ شاخ گل کے تلے

کوئی قصہ سناتی رہی رات بھر

جو نہ آیا اسے کوئی زنجیر در

ہر صدا پر بلاتی رہی رات بھر

ایک امید سے دل بہلتا رہا

اک تمنا ستاتی رہی رات بھر

آپ کی یاد آتی رہی رات بھر (غزل)

آپ کی یاد آتی رہی رات بھر

چشم نم مسکراتی رہی رات بھر

رات بھر درد کی شمع جلتی رہی

غم کی لو تھرتھراتی رہی رات بھر

بانسری کی سریلی سہانی صدا

یاد بن بن کے آتی رہی رات بھر

یاد کے چاند دل میں اترتے رہے

چاندنی جگمگاتی رہی رات بھر

کوئی دیوانہ گلیوں میں پھرتا رہا

کوئی آواز آتی رہی رات بھر

رات بھر دیدۂ نمناک میں لہراتے رہے (نظم)

رات بھر دیدۂ نمناک میں لہراتے رہے

سانس کی طرح سے آپ آتے رہے جاتے رہے

خوش تھے ہم اپنی تمناؤں کا خواب آئے گا

اپنا ارمان برافگندہ نقاب آئے گا

نظریں نیچی کیے شرمائے ہوئے آئے گا

کاکلیں چہرے پہ بکھرائے ہوئے آئے گا

آ گئی تھی دل مضطر میں شکیبائی سی

بج رہی تھی مرے غم خانے میں شہنائی سی

پتیاں کھڑکیں تو سمجھا کہ لو آپ آ ہی گئے

سجدے مسرور کہ معبود کو ہم پا ہی گئے

شب کے جاگے ہوئے تاروں کو بھی نیند آنے لگی

آپ کے آنے کی اک آس تھی اب جانے لگی

صبح نے سیج سے اٹھتے ہوئے لی انگڑائی

او صبا! تو بھی جو آئی تو اکیلی آئی

میرے محبوب مری نیند اڑانے والے

میرے مسجود مری روح پہ چھانے والے

آ بھی جا، تاکہ مرے سجدوں کا ارماں نکلے

آ بھی جا، کہ ترے قدموں پہ مری جاں نکلے

مزید غزلیں از مخدومؔ محی الدین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں