پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مکین احسن کلیم کی غزلیں — Makeen Ahsan Kaleem Ghazals

مکین احسن کلیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بہت تلخ ہیں زندگی کے فسانے (غزل)

بہت تلخ ہیں زندگی کے فسانے

مرے خواب ہیں پھر بھی کتنے سہانے

سہارا نہ دیتی اگر موج طوفاں

ڈبو ہی دیا تھا ہمیں نا خدا نے

سحر کو تو آنا ہے آ کر رہے گی

کٹے کیسے لیکن یہ شب کون جانے

گری اور گرتی رہی برق سوزاں

بنے اور بنتے رہے آشیانے

ستاروں سے آگے بہت کچھ ہے مانا

زمیں پر بھی جینے کے ہوں کچھ بہانے

کلیمؔ آج کیا سوچ کر ہو گئے چپ

ارے آ گئے یاد کب کے زمانے

حیات مجھ پہ اک الزام ہی سہی پھر بھی (غزل)

حیات مجھ پہ اک الزام ہی سہی پھر بھی

بہت عزیز ہے مجھ کو یہ زندگی پھر بھی

نہیں کچھ اور تو ممکن تھی خود کشی پھر بھی

ہے کوئی بات کہ جیتا ہے آدمی پھر بھی

یہ تیرگی تو بس اک گردش زمیں تک ہے

مگر یہ رات جو ہم سے نہ کٹ سکی پھر بھی

چمن لٹا ہے خود اہل چمن کی سازش سے

کلی کلی ہے مگر محو خواب سی پھر بھی

کسی کو پا کے بھی اکثر گماں یہ ہوتا ہے

کہ جیسے رہ گئی باقی کوئی کمی پھر بھی

ہمیں پہ یورش ظلمت ہمیں ہیں کشتۂ شب

ہمیں ہیں پیش رو صبح و روشنی پھر بھی

لب کلیمؔ پہ اب نغمۂ بہار تو ہے

یہ اور بات کہ آنکھیں ہیں شبنمی پھر بھی

مزید غزلیں از مکین احسن کلیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں