پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ماجد رضا امبر کی غزلیں — Majid Raza Amber Ghazals

ماجد رضا امبر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیرے دل میں جہاں میں بیٹھا ہوں (غزل)

تیرے دل میں جہاں میں بیٹھا ہوں

دکھ ہے سب کو کہاں میں بیٹھا ہوں

منتظر جان جاں میں بیٹھا ہوں

آ بھی جا مہرباں میں بیٹھا ہوں

رونقیں آپ سے تھیں محفل میں

کس نے دیکھا وہاں میں بیٹھا ہوں

تیرے جانے سے بجھ گیا دل بھی

اب یہاں رائیگاں میں بیٹھا ہوں

اپنے یاروں سے دشمنی کیسی

کس لئے بد گماں میں بیٹھا ہوں

راکھ ہونے کو ہے مری ہستی

ہو کے شعلہ فشاں میں بیٹھا ہوں

مجھ کو جلدی نہیں ہے جانے کی

تم کہو داستاں میں بیٹھا ہوں

اپنے پہلو میں آسماں لے کر

دیکھ لے اے زماں میں بیٹھا ہوں

مجھ سے محبوب جدا ہے تو کوئی بات نہیں (غزل)

مجھ سے محبوب جدا ہے تو کوئی بات نہیں

دل لگانے کی سزا ہے تو کوئی بات نہیں

کج ادا یار ملا ہے تو کوئی بات نہیں

یہ وفا ہی کا صلہ ہے تو کوئی بات نہیں

میری صورت سے پریشان بہت رہتا تھا

آئینہ ٹوٹ گیا ہے تو کوئی بات نہیں

بعد میرے مری چاہت کی مثالیں دو گے

آج دل میرا جلا ہے تو کوئی بات نہیں

اپنی روداد محبت میں سناؤں کس کو

چارہ گر بھول رہا ہے تو کوئی بات نہیں

اپنی یادوں کے سہارے تو نہ چھنیو مجھ سے

سانحہ ہو ہی گیا ہے تو کوئی بات نہیں

اب تو امبر کے ستارے بھی بجھے رہتے ہیں

یہ مقدر کا لکھا ہے تو کوئی بات نہیں

مزید غزلیں از ماجد رضا امبر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں