ماجد صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جذبوں کو زبان دے رہا ہوں (غزل)
جذبوں کو زبان دے رہا ہوں
میں وقت کو دان دے رہا ہوں
موسم نے شجر پہ لکھ دیا کیا
ہر حرف پہ جان دے رہا ہوں
یوں ہے نم خاک بن کے جیسے
فصلوں کو اٹھان دے رہا ہوں
جو جو بھی خمیدہ سر ہیں ان کے
ہاتھوں میں کمان دے رہا ہوں
ملا ہے تخت کسے کون تخت پر نہ رہا (غزل)
ملا ہے تخت کسے کون تخت پر نہ رہا
یہ بات اور ہے جاری تھا جو سفر نہ رہا
شب سیاہ میں بھی جو تھا روشنی کا سفیر
کنار بام سے وہ جھانکتا قمر نہ رہا
لگی تھیں جس پہ نگاہیں نہ جانے کس کس کی
مریض پر وہی تعویذ کار گر نہ رہا
یقیں تھا جو بھی وہ اب گرد اشتباہ میں ہے
یہ کیا ہوا کہ کوئی شخص معتبر نہ رہا
بڑے بڑوں پہ بھی ماجدؔ بہ نام ارض وطن
جو اعتماد تھا القصہ مختصر نہ رہا
مزید غزلیں از ماجد صدیقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں