پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ماجد جہانگیر مرزا کی غزلیں — Majid Jahangeer Mirza Ghazals

ماجد جہانگیر مرزا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کرنا ہے اب سفر مجھے تازہ ہوا کے ساتھ (غزل)

کرنا ہے اب سفر مجھے تازہ ہوا کے ساتھ

گفت و شنید جاری ہے میری خدا کے ساتھ

ممکن ہے آسمان کے سینے کو چیر دیں

کچھ سسکیاں روانہ ہوئی ہیں دعا کے ساتھ

اب اس سے بڑھ کے عاجزی کی کیا مثال دوں

دفنا دیا ہے زعم کو اندھی انا کے ساتھ

اک بوجھ ہے دھرا ہوا دل کی حدود پر

ہوگا مرے وجود سے رخصت قضا کے ساتھ

میں اپنے زاویے سے پرکھتا ہوں دہر کو

اور انتہا کو سوچتا ہوں ابتدا کے ساتھ

اکثر میں سانس لینے سے کرتا ہوں اجتناب

یعنی کے جی رہا ہوں میں تیری رضا کے ساتھ

ماجدؔ بھی تیری خلق میں شامل ہے اے خدا

ایسے نہ بے رخی برت اپنے گدا کے ساتھ

باپ زندہ پھر رہا ہے اور بیٹے مر گئے (غزل)

باپ زندہ پھر رہا ہے اور بیٹے مر گئے

بوڑھے برگد کے اچانک کتنے حصے مر گئے

تھا محبت کا وظیفہ اس لیے شاداب تھے

آنکھ سوئی باغباں کی اور پودے مر گئے

ذہن و دل میں خوف تھا یہ سانس رکنی ہے ضرور

ڈر کے قیدی دیکھیے پھر ڈرتے ڈرتے مر گئے

دے رہا ہے مجھ کو وہ رزق سخن آغاز سے

ورنہ میرے جیسے کتنے آئے کتنے مر گئے

اک طرف تھی عیش و عشرت کی فضا میراث میں

اور کچھ اسلاف کے غم ڈھوتے ڈھوتے مر گئے

اف درندوں کی بقا معصوم جانیں لے اڑی

کچھ شکم میں کچھ زمیں پر پاؤں دھرتے مر گئے

خود فریبی سے مزین زندگی کے روز و شب

بد نصیبی جھوٹ کہتے جھوٹ سنتے مر گئے

داستان عشق میں ماجدؔ نیا کردار ہے

مجھ سے پہلے فیضؔ و جالبؔ لکھتے لکھتے مر گئے