پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ماجد دیوبندی کی غزلیں — Majid Deobandi Ghazals

ماجد دیوبندی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آسماں کی رفعتوں سے طرز یاری سیکھ لو (غزل)

آسماں کی رفعتوں سے طرز یاری سیکھ لو

سر اٹھا کر چلنے والو خاکساری سیکھ لو

پیش خیمہ ہیں تنزل کا تکبر اور غرور

مرتبہ چاہو تو پہلے انکساری سیکھ لو

خود بدل جائے گا نفرت کی فضاؤں کا مزاج

پیار کی خوشبو لٹاؤ مشکباری سیکھ لو

چن لو قرطاس و قلم یا تیغ کر لو انتخاب

کوئی فن اپناؤ لیکن شاہکاری سیکھ لو

پھر تمہارے پاؤں چھونے خود بلندی آئے گی

سب دلوں پر راج کر کے تاج داری سیکھ لو

عشق کا میدان آساں تو نہیں ہے محترم

عشق کرنا ہی اگر ہے غم شعاری سیکھ لو

جس شجر کی چھاؤں ہو ماجدؔ زمانے کے لئے

کیسے ہوگی اس شجر کی آبیاری سیکھ لو

لاکھ جہاں میں جھوٹوں کی من مانی ہے (غزل)

لاکھ جہاں میں جھوٹوں کی من مانی ہے

سچائی کی اپنی ریت پرانی ہے

لب پر آہ مسلسل آنکھ میں پانی ہے

تنہائی کا ہر لمحہ نقصانی ہے

شور ہمیشہ رہتا ہے اس کوچے میں

دل ہے یا سینے میں اک زندانی ہے

جس کو چاہیں بے عزت کر سکتے ہیں

آپ بڑے ہیں آپ کو یہ آسانی ہے

کمزوروں پر رحمت بن کر چھا جاؤ

میرا قول نہیں حکم ربانی ہے

ہم سب ان کے دامن سے وابستہ ہیں

مشکل میں بھی ہم کو یہ آسانی ہے

تجھ کو زمانہ مجھ سے چھینے نا ممکن

تیرا میرا رشتہ روحانی ہے

میں بھی ان کے مداحوں میں شامل ہوں

اس دنیا پر میری بھی سلطانی ہے

دھرتی امبر یاری اس کی ہے سب سے

ماجدؔ جس کو کہتے ہیں سیلانی ہے

مزید غزلیں از ماجد دیوبندی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں