پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ماجد علی کاوش کی غزلیں — Majid Ali Kavish Ghazals

ماجد علی کاوش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

غم سے نہ آنسوؤں سے نہ دیوانگی سے ہم (غزل)

غم سے نہ آنسوؤں سے نہ دیوانگی سے ہم

واقف نہیں تھے آپ سے پہلے کسی سے ہم

زندہ رکھیں بزرگوں کی ہم نے روایتیں

دشمن سے بھی ملے تو ملے عاجزی سے ہم

سب سرپھری ہواؤں کو دشمن بنا لیا

روشن ہوئے تھے لڑنے کو اک تیرگی سے ہم

سانسیں مہک رہی ہیں نگاہوں میں نور ہے

پھر آج مل کے آئے ہیں اک آدمی سے ہم

سورج تو صرف دن کے اجالے کا ہے امام

ہم ہیں چراغ لڑتے ہیں تیرہ شبی سے ہم

بدنام ہو رہا ہے مقدر تو بے سبب

برباد ہیں خود اپنے عمل کی کمی سے ہم

بے وفا ہے با وفا ہے فیصلہ ہوتا نہیں (غزل)

بے وفا ہے با وفا ہے فیصلہ ہوتا نہیں

اس سے مل کر بھی حقیقت کا پتا ہوتا نہیں

جب چمکتی شاہراہیں سامنے موجود ہوں

مجھ سے پھر پگڈنڈیوں پر اکتفا ہوتا نہیں

درد کے رشتوں کی اپنی اک الگ ہے داستاں

فاصلہ ہوتا ہے پھر بھی فاصلہ ہوتا نہیں

پیشہ ور لوگوں سے کیا لیں زندگی پر تبصرہ

نیند اور خوابوں سے ان کا واسطہ ہوتا نہیں

گہما گہمی زندگی کی اف یہ رفتار جہاں

بیتے لمحوں کو دوبارہ سوچنا ہوتا نہیں

مزید غزلیں از ماجد علی کاوش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں