پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مجید لاہوری کی غزلیں — Majeed Lahori Ghazals

مجید لاہوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تو نے جب بھی آنکھ ملائی (غزل)

تو نے جب بھی آنکھ ملائی

دیدہ و دل پر آفت آئی

یہ سناٹا یہ تنہائی

لیکن تیری یاد تو آئی

دیر و حرم میں جا بیٹھے ہیں

دنیا جن کو راس نہ آئی

ٹوٹ گئیں ساری زنجیریں

زلف ترے رخ پر لہرائی

منزل دور تھی لیکن ہم نے

ایک قدم میں ٹھوکر کھائی

تجھ کو مبارک پھول اور کلیاں

میرا حصہ آبلہ پائی

چھانی ہم نے نگری نگری

صحرا صحرا خاک اڑائی

کون مجیدؔ اس بھید کو جانے

کیا شے کھوئی کیا شے پائی

اک نو بہار ناز کو مہماں کریں گے ہم (غزل)

اک نو بہار ناز کو مہماں کریں گے ہم

ہر داغ دل کو رشک گلستاں کریں گے ہم

ساغر میں نور دیدۂ انجم انڈیل کر

پھر تیرگیٔ غم میں چراغاں کریں گے ہم

اڑ جائیں گی فضا میں بہاروں کی دھجیاں

جس وقت تار تار گریباں کریں گے ہم

کہتے ہیں آسماں پہ وہ زلفیں بکھیر کر

جھلسی ہوئی زمین پہ احساں کریں گے ہم

جی بھر کے ہم کو کر لے پریشان آسماں

اک روز آسماں کو پریشاں کریں گے ہم

اے وقت سن کہ آئے گا جب بھی ہمارا وقت

طوفاں کو موج موج کو طوفاں کریں گے ہم

جب تک ہمارے سامنے جام شراب ہے

برہم مزاج گردش دوراں کریں گے ہم

وہ آرزو کہ دل سے زباں تک نہ آ سکے

کچھ اس کا تذکرہ بھی مری جاں کریں گے ہم

دور خزاں سے کوئی کہے جا کے اے مجیدؔ

پھر اہتمام جشن بہاراں کریں گے ہم

زہے قسمت ہلال عید کی صورت نظر آئی (نظم)

زہے قسمت ہلال عید کی صورت نظر آئی

جو تھے رمضان کے بیمار ان سب نے شفا پائی

پہاڑوں سے وہ اترے قافلے روزہ گزاروں کے

گیا گرمی کا موسم، اور آئے دن بہاروں کے

اٹھا ہوٹل کا پردہ، سامنے پردہ نشیں آئے

جو چھپ کر کر رہے تھے احترام حکم دیں آئے

ہوئی انگور کی بیٹی سے ''مستی خان'' کی شادی

کھلے در مے کدوں کے اور ملی رندوں کو آزادی

نوید کامرانی لا رہے ہیں ریس کے گھوڑے

مسرت کے ترانے گا رہے ہیں ریس کے گھوڑے

مبارک ہو کہ پھر سے ہو گیا ''ڈانس'' اور ''ڈنر'' چالو

خلاص اہل نظر ہوں گے ہوا درد جگر چالو

نماز عید پڑھنے کے لیے سرکار آئے ہیں

اور ان کے ساتھ سارے طالب دیدار آئے ہیں

یہی دن اہل دل کے واسطے امید کا دن ہے

تمہاری دید کا دن ہے ہماری عید کا دن ہے