پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مجید کھام گانوی کی غزلیں — Majeed Kham Ganwi Ghazals

مجید کھام گانوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندگی دشوار تھی دشوار ہے (غزل)

زندگی دشوار تھی دشوار ہے

کتنی یکساں وقت کی رفتار ہے

آئنہ خود آئنہ بردار ہے

یہ ہمارا چہرۂ کردار ہے

زندگی آزار ہی آزار ہے

پھر بھی ہم کو زندگی سے پیار ہے

وقت کا رخ موڑ سکتا ہے وہی

وقت سے جو برسر پیکار ہے

جانے کتنے جھیلے بیٹھا ہے عذاب

یہ شجر جو آج سایہ دار ہے

گلستاں میں کیا نشیمن کا شمار

جب کہ گل ہی شاخ گل پر بار ہے

کب تلک پاس زباں بندی مجیدؔ

زندگی لب تشنۂ گفتار ہے

حق ترے غم کا کچھ اس طرح ادا ہو جائے (غزل)

حق ترے غم کا کچھ اس طرح ادا ہو جائے

آہ بھی آئے لبوں پر تو دعا ہو جائے

دیکھ کر جس کو نقابوں میں بھی خیرہ ہے نظر

وہ اگر سامنے آ جائے تو کیا ہو جائے

مجھ کو ڈر ہے کہ تری حشر خرامی کے طفیل

وقت سے پہلے قیامت نہ بپا ہو جائے

اپنے چہرے پہ نگاہیں نہیں اٹھتیں اس کی

میں جو آئینہ دکھاؤں تو خفا ہو جائے

آ کے بس جائے جو اس بت کی محبت دل میں

دل مرا قبلۂ ارباب وفا ہو جائے

مقصد عشق فراموش نہ ہو جائے کہیں

آپ کا لطف اگر حد سے سوا ہو جائے

ہم کو معلوم ہے فرعون کا انجام مجیدؔ

کوئی چاہے تو بصد شوق خدا ہو جائے

مزید غزلیں از مجید کھام گانوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں