پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

میکش ناگپوری کی غزلیں — Maikash Nag Puri Ghazals

میکش ناگپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مری ہر خوشی خوشی تھی تری ہر خوشی سے پہلے (غزل)

مری ہر خوشی خوشی تھی تری ہر خوشی سے پہلے

مجھے کوئی غم نہیں تھا غم عاشقی سے پہلے

کوئی کشمکش نہیں تھی غم دشمنی سے پہلے

مجھے خوف ہی کہاں تھا تری دوستی سے پہلے

نہ بہار میکدہ تھی نہ سرور بخش نغمے

ترے میکدے میں کیا تھا مری مے کشی سے پہلے

میں دعائیں چاہتا ہوں میں دعا کا مستحق ہوں

تمہیں کون جانتا تھا مری دوستی سے پہلے

ہوئی شمع حسن روشن تو میں بن گیا پتنگا

تری بندگی تھی سونی مری زندگی سے پہلے

کہیں تیرگی تھی میکشؔ کہیں تیرگی کے ڈیرے

کہیں روشنی نہیں تھی مری روشنی سے پہلے

بقدر ظرف محبت کا کاروبار چلے (غزل)

بقدر ظرف محبت کا کاروبار چلے

مزہ تو جب ہے کہ ہر لمحہ ذکر یار چلے

تری نگاہ کے جب اہل دل پہ وار چلے

خزاں نصیب چمن جانب بہار چلے

اتر نہ جائے کہیں تیرے حسن کی رنگت

کہ تیری بزم سے اب تیرے جاں نثار چلے

جو آ گئی کبھی سر دینے کی گھڑی اے دوست

خوشی خوشی ترے دیوانے سوئے دار چلے

اداس دیکھ کے ماحول مے کدہ ساقی

نیاز‌ مند وفا آج سوگوار چلے

مآل لذت شوق وصال کی سوگند

قرار مانگنے آئے تھے بے قرار چلے

خیال بادہ کشی آ گیا جو اے میکشؔ

ادب سے جانب مے خانہ بادہ خوار چلے