پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

میکش لکھنوی کی غزلیں — Maikash Lucknowi Ghazals

میکش لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کبھی جو بھولے سے دل میں خیال یار آیا (غزل)

کبھی جو بھولے سے دل میں خیال یار آیا

شباب رفتہ کو میں دور تک پکار آیا

کچھ اس ادا سے مرا جان انتظار آیا

مجھے خود اپنی نظر پر نہ اعتبار آیا

کیا تھا آنے کا وعدہ وہ ایک بار آیا

نہ آ سکا سر بالیں سر مزار آیا

یہ میری آہ کی تاثیر تھی یا اس کی ضد

وہ بے قرار ہوا جب مجھے قرار آیا

بلائیں لے کے مرے زخم دل کو چوم لیا

ستم ظریف کو آیا تو کس پہ پیار آیا

ہمارے بعد جو آئے ہیں پوچھ لو ان سے

کہ ان کے پاؤں کے نیچے بھی کوئی خار آیا

جس آئنے کو نظر بھر کے میں نے دیکھ لیا

اس آئنے میں نظر مجھ کو عکس یار آیا

پلائی تھی مرے ساقی نے جس میں پہلے پہل

وہ جام میرے تصور میں بار بار آیا

سنی تھی اپنی ہی آواز دشت وحشت میں

میں اپنے آپ کو چاروں طرف پکار آیا

گیا تھا ترک محبت کا فیصلہ کرنے

مگر میں آخری بازی بھی ان سے ہار آیا

دل و جگر کو لٹا کر نظر گذر کے لئے

میں تیرے حسن کا صدقہ بھی آج اتار آیا

آج وہ بار بار یاد آیا (غزل)

آج وہ بار بار یاد آیا

اور بے اختیار یاد آیا

جس کے دم سے تھی رونق ہستی

وہ دل بے قرار یاد آیا

پھر ہوئی گدگدی سی تلووں میں

پھر مجھے خار زار یاد آیا

جب بھی عزم حرم کیا میں نے

آپ کا رہ گزار یاد آیا

ابر باراں کو دیکھ کر اپنا

دیدۂ اشک بار یاد آیا

راز دل میں چھپا رہا تھا مگر

دامن تار تار یاد آیا

مزید غزلیں از میکش لکھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں