میکش اعظمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کبھی آنسوؤں کو چھپانا پڑا ہے (غزل)
کبھی آنسوؤں کو چھپانا پڑا ہے
کبھی بے سبب مسکرانا پڑا ہے
وہی جانتا ہے جوانی کی قیمت
بڑھاپے میں جس کو کمانا پڑا ہے
تجھے ہم نے پا تو لیا ہے اے دنیا
مگر جانے کیا کیا گنوانا پڑا ہے
ابھی میں بڑا آدمی بھی نہیں ہوں
مرے پیچھے کیوں یہ زمانا پڑا ہے
اذیت ہے کیا شے مرے دل سے پوچھو
انہیں کس طرح سے بھلانا پڑا ہے
زمانے کی رسوائی کے ڈر سے میکشؔ
ترا نام لکھ کر مٹانا پڑا ہے
زخم اپنا کسی کو دکھایا نہیں (غزل)
زخم اپنا کسی کو دکھایا نہیں
زندگی کو تماشا بنایا نہیں
اے غمو آؤ تم میرے دل میں رہو
اس حویلی کا کوئی کرایہ نہیں
ایک بے بس پہ ہنسنے کا انعام ہے
پھر کبھی عمر بھر مسکرایا نہیں
وہ بھی دنیا کو کہنے لگا بے وفا
جس نے وعدہ کسی سے نبھایا نہیں
تیری یادوں کے گنجان جنگل میں دل
اس طرح کھو گیا لوٹ پایا نہیں
کھل ہی جائے گا سارا بھرم اس لئے
دوستوں کو کبھی آزمایا نہیں
شام جا چکی کب کی (نظم)
شام جا چکی کب کی
رات آ چکی کب کی
قہقہے پرندوں کے
گم ہوئے فضاؤں میں
خامشی کے دامن میں
سو گئے ہیں ہنگامے
آسمان ابرآلود
بجلیاں چمکتی ہیں
تیرگی مٹانے کو
اس مہیب منظر میں
منتظر نگاہوں کا
اک چراغ روشن ہے
اور تم نہیں آئے
شبنمی لباسوں میں
پھول سب مزین ہیں
خوشبوؤں کے نغمے سے
یہ فضا معطر ہے
جگنوؤں کی بارش سے
جا بہ جا اجالا ہے
سرد سرد جھونکا ہے
بولتا دریچہ ہے
قافلہ ستاروں کا
آسماں کی باہوں میں
پیار کی پناہوں میں
کب سے آ کے ٹھہرا ہے
نرم رو ہوا پیہم
ننھے ننھے پودوں کا
سوئے سوئے پیڑوں کا
اونچے اونچے ٹیلوں کا
دھول دھول رستوں کا
صاف صاف جھرنوں کا
خواب خواب آنکھوں کا
چاند چاند چہروں کا
پھول پھول جسموں کا
بوسہ لے کے آتی ہے
وصل کا محبت کا
ایک گیت گاتی ہے