میکش بدایونی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل مطمئن نہیں ہے نظر مطمئن نہیں (غزل)
دل مطمئن نہیں ہے نظر مطمئن نہیں
اس دور ابتلا میں بشر مطمئن نہیں
کیف بہار بزم طرب رقص جام مے
کس کام کے ہیں دل ہی اگر مطمئن نہیں
عالم کسی کے تیر نظر کا شکار ہے
پھر بھی کسی کا تیر نظر مطمئن نہیں
کیا جانے کس مقام پہ یہ ساتھ چھوڑ دیں
ان رہبروں سے اہل سفر مطمئن نہیں
سو بار آشیانہ جلانے کے باوجود
میری طرف سے برق و شرر مطمئن نہیں
فیضان جلوہ اور ذرا عام کیجیے
دل کو تو ہے یقین نظر مطمئن نہیں
میکشؔ کو مے کدہ میں بھی غم سے نہیں مفر
ہیں بادہ خوار جمع مگر مطمئن نہیں
گداز دل متاع چشم نم تک بیچ دیتے ہیں (غزل)
گداز دل متاع چشم نم تک بیچ دیتے ہیں
یہ اہل ہوش الفت کا بھرم تک بیچ دیتے ہیں
مناسب دام لگ جائیں تو خوبان پری چہرہ
بدن کے لوچ اور زلفوں کے خم تک بیچ دیتے ہیں
یہ کیسے پاسبان گلستاں ہیں جو بہاروں میں
گلوں کا رنگ و بو شاخوں کا تم تک بیچ دیتے ہیں
تجارت پر یہاں بنیاد ہے آپس کے رشتوں کی
یہاں اہل کرم دست کرم تک بیچ دیتے ہیں
اب اس سے بڑھ کے فکر و ذہن کی توہین کیا ہوگی
کہ ارباب قلم اپنے قلم تک بیچ دیتے ہیں
وقار مے کدہ پر جان دے دیتے ہیں ہم میکشؔ
حرم والے تو ناموس حرم تک بیچ دیتے ہیں