میکش امروہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
امیر شہر کو جھک کر سلام کرتے رہے (غزل)
امیر شہر کو جھک کر سلام کرتے رہے
تمام عمر غلامی غلام کرتے رہے
گزر گئے ہیں اسی طرح دھوپ چھاؤں کے دن
جو کام کرنے تھے ہم تو وہ کام کرتے رہے
اندھیری رات کے چہرے کا سر قلم کر کے
ہم اپنے گھر میں اجالے تمام کرتے رہے
تجھے تو ہم نے کئی زاویوں سے پرکھا ہے
اسی لئے تو ترا احترام کرتے رہے
یہی نہیں کہ فقط ہم نے تجھ کو یاد کیا
غزل کے شعر بھی ہم تیرے نام کرتے رہے
یوں ہی نظروں سے کہاں اہل نظر گرتے ہیں (غزل)
یوں ہی نظروں سے کہاں اہل نظر گرتے ہیں
جن کی بنیاد نہیں ہوتی وہ گھر گرتے ہیں
میرے آنگن کی چنبیلی انہیں روکے رہنا
یہ سنا ہے مری دیوار سے در گرتے ہیں
ہاتھ میں اپنے میں شمشیر لئے پھرتا ہوں
دل میں معصوم تمناؤں کے سر گرتے ہیں
وہ بھی ہجرت میں مری پھیر کے منہ روتا ہے
میرے آنسو بھی بہت وقت سفر گرتے ہیں
وہ ہلا دیتا ہے یادوں کے شجر چپکے سے
پھر بھی پہلے سے کہاں ان سے ثمر گرتے ہیں