پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

میکش اکبرآبادی کی غزلیں — Maikash Akbarabadi 1 Ghazals

میکش اکبرآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جبیں پہ ان کی یہ بندی کا داغ کیا کہئے (غزل)

جبیں پہ ان کی یہ بندی کا داغ کیا کہئے

ہے آفتاب کی زینت چراغ کیا کہئے

ہر اک ادا تری قاتل ہے سارے عالم کی

کہاں لگائیے اپنا سراغ کیا کہئے

محال جان رہا ہوں ترا حصول مگر

ہے تیرے عشق سے دل باغ باغ کیا کہئے

پڑے گی کس پہ کہ تجھ پر ہی خود نہیں پڑتی

تری نگاہ کا کافر دماغ کیا کہئے

تری نگاہ کے مدہوش تیرے میکشؔ سے

حدیث جام و لب جوئے باغ کیا کہئے

یہ مانا زندگی میں غم بہت ہیں (غزل)

یہ مانا زندگی میں غم بہت ہیں

ہنسے بھی زندگی میں ہم بہت ہیں

تری زلفوں کو کیا سلجھاؤں اے دوست

مری راہوں میں پیچ و خم بہت ہیں

نہیں ہے منحصر کچھ فصل گل پر

جنوں کے اور بھی موسم بہت ہیں

غبار آلودہ چہروں پر نہ جانا

انہیں میں کیقباد و جم بہت ہیں

مجھے کچھ ساز ہے نشتر سے ورنہ

مرے زخموں کے یاں مرہم بہت ہیں

قفس یہ جان کر توڑا تھا میں نے

قفس کو توڑ کر بھی غم بہت ہیں

کروں کیا چارہ ان آنکھوں کا میکشؔ

کہ ان کے سامنے پر نم بہت ہیں

اک جنازے کو اٹھائے جا رہے تھے چند لوگ (نظم)

اک جنازے کو اٹھائے جا رہے تھے چند لوگ

تم نے پوچھا کیا ہوا کیوں جا رہے ہو تم ملول

تم کو لوگوں نے بتایا مر گیا ہے ایک شخص

اور یوں مرتے ہیں ناداں ہوں کہ ارباب عقول

مانگنے کو چند پیسے پیٹ بھرنے کے لئے

جا رہا تھا راستے سے ایک بے بیچارہ فقیر

تم نے دیکھا کوئی اس کا پوچھنے والا نہیں

تھا مرض میں مبتلا وہ قید نکہت کا اسیر

چشم حق بیں کے لئے عبرت کے نظارہ ملے

ہستیٔ انسان پہ جو زندگانی دیکھ کر

عیش و عشرت کے مزے بیکار سے ثابت ہوئے

نقش عالم میں نمایاں رنگ فانی دیکھ کر

راج چھوڑا بادشاہت کی امیدیں ترک کیں

ہو گیا بیتاب دل روح حقیقت کے لئے

چھوڑ دیں آسائشیں پھرتے رہے تم کو بہ کو

ہستئ معبود کی نظر عقیدت کے لئے

اضطرابانہ بسر کی زندگانی مدتوں

کلفتیں رہ کے اٹھائیں موسموں کی شدتیں

کی ریاضت رات دن دل کی تسلی کے لئے

جا بجا پھرتے رہے کیں مرشدوں کی خدمتیں

دور بستی سے گیا کے اک شجر کی چھاؤں میں

تم کو بالآخر سکون جاودانی مل گیا

دفعتاً چمکی حقیقت کی تجلی سامنے

محنت پیہم سے راز زندگانی مل گیا

اب بھی پیرو ہیں تمہارے تم ہو ان کے دیوتا

اب بھی پر ان کی عقیدت سے تمہارا جام ہے

یہ نتائج ہیں تمہارے بے غرض اعمال کے

تم نہیں زندہ مگر زندہ تمہارا نام ہے

مزید غزلیں از میکش اکبرآبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں