پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

میکش اجمیری کی غزلیں — Maikash Ajmeri Ghazals

میکش اجمیری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جب کبھی قتل آبرو ہوگا (غزل)

جب کبھی قتل آبرو ہوگا

زرد چہرہ لہو لہو ہوگا

چھوڑ بچے کو قتل سے باز آ

یہ کسی ماں کی آرزو ہوگا

پیٹھ میں جو چبھو گیا خنجر

کوئی کم حوصلہ عدو ہوگا

دل کے زخموں کی کھل رہی ہے زباں

درد موضوع گفتگو ہوگا

آنکھیں روشن دکھائی دیتی ہیں

سامنے کوئی ماہ رو ہوگا

بہت دنوں سے کسی کے گلو کا پیاسا ہے (غزل)

بہت دنوں سے کسی کے گلو کا پیاسا ہے

بچو کہ خنجر قاتل لہو کا پیاسا ہے

شباب اپنا چھپا لے تو میرے دامن میں

ہر ایک شخص تری آبرو کا پیاسا ہے

جواں ہوا ہے مری شفقتوں کے سائے میں

وہ شخص آج جو میرے لہو کا پیاسا ہے

وہ عام چہروں کا مشتاق ہو نہیں سکتا

جو ذوق دید کسی خوبرو کا پیاسا ہے

ابھی بھی گونج رہی ہے فضا میں تیری صدا

ابھی بھی ذہن تری گفتگو کا پیاسا ہے

مزید غزلیں از میکش اجمیری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں