محمود رائے بریلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کرم نوازو نے کوشش ہزار کی ہے تو کیا (غزل)
کرم نوازو نے کوشش ہزار کی ہے تو کیا
مرے نصیب میں راحت نہیں لکھی ہے تو کیا
تونگری ہو کہ افلاس چار دن کی ہے
یہ زندگی ہے تو کیا ہے وہ زندگی ہے تو کیا
عبث ہے فخر سنا کر فسانۂ اسلاف
وہ شکل آج نہیں ہے کبھی رہی ہے تو کیا
جب ایک کار نمایاں نہ کر سکے کوئی
تو پھر ہزار برس کی بھی زندگی ہے تو کیا
کریں ہزار جتن رہبران راہ سلوک
فضا ہی دشمن ایمان و آگہی ہے تو کیا
گنوا دی دولت عقبیٰ حصول دنیا میں
وہاں کی خیر منائیں یہاں سبھی ہے تو کیا
اسے شکستگیٔ دل پسند ہے محمودؔ
شکستگی سے نہ ڈریے شکستگی ہے تو کیا
نہیں کم عفو یزدانی بہت ہے (غزل)
نہیں کم عفو یزدانی بہت ہے
گناہوں پر پشیمانی بہت ہے
کوئی تو حادثہ گزرا ہے دل پر
شب غم آج نورانی بہت ہے
دلوں پر تہہ بہ تہہ ظلمت کے پردے
جبیں پر نور ایمانی بہت ہے
ادھر ہی تشنۂ دیدار کم ہیں
ادھر تو جلوہ سامانی بہت ہے
کسے راس آئے سودائے محبت
منافع کم پریشانی بہت ہے
زباں ہے رہن ذکر حور و غلماں
خیال پاک دامانی بہت ہے
کرو محمودؔ قسمت پر قناعت
جو مل جائے بہ آسانی بہت ہے